جاوید میانداد نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کیلیے ہندوستانی کھلاڑیوں کو دعوت دینے کا مشورہ دیدیا

منگل 22 ستمبر 2015 23:10

جاوید میانداد نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کیلیے ہندوستانی کھلاڑیوں کو دعوت دینے کا مشورہ دیدیا

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22ستمبر ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاںداد نے پی سی بی کو پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی سیزن کیلیے ہندوستانی کھلاڑیوں کوشرکت کی دعوت دینے کا مشورہ دیا ہے ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے لیجنڈری بلے باز نے کہا کہ پی سی بی لیگ کے انعقاد کیلیے بہترین انتظامات کرے کیونکہ ملک کی ساکھ دائو پر لگی ہوئی ہے ، کرکٹ بورڈ تمام کھلاڑیوں کو ان کے معیار کے مطابق کیٹیگریوں میں تقسیم کرے ، وہ تمام بین الاقوامی کھلاڑی جو لیگ کھیلنے کے مستحق ہیں انھیں زبانی یا کسی اور طرح سے تصدیق کرنے کے بجائے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے کہنا چاہیے ، یہ ہمارے ملک کی ساکھ کا مسئلہ ہے اس لیے کچھ غلط نہیں ہونا چاہیے ، اگر کسی کھلاڑی نے آخری لمحات میں شرکت سے انکار کرتے ہیں تو لیگ پر برا اثر پڑے گا ۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کو لیگ کے لوگو کی افتتاحی تقریب میں کاروباری ٹائیکون کو بھی دعوت دینی چاہیے تھی کیونکہ پی ایس ایل کے لیے اشتہارات وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی لیگ میں دلچسپی رکھنے والے بینکوں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے صدور بھی بلا سکتا تھا ۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز نے کہا کہ ہو سکتا تھا کہ ان میں سے کوئی شخص پی ایس ایل کی ایک ٹیم خرید لیتا اور اسی طرح ٹیموں کی تعداد بھی بڑھائی جا سکتی ہے اور ٹورنامنٹ مزید بڑی شکل اختیار کر جاتا ۔

پاک ہندوستان سیریز کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں میانداد کا کہنا تھا کہ انھیں اس بارے میں زیادہ توقعات نہیں تھیں ، ہر کوئی جانتا ہے کہ کس نے کسے دھوکا دیا ۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ فروری 2016ء میں قطر یا متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا ۔

وقت اشاعت : 22/09/2015 - 23:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :