دوسرا ٹیسٹ ، پاکستان نے انگلینڈ کو 178 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

پیر 26 اکتوبر 2015 21:34

دوسرا ٹیسٹ ، پاکستان نے انگلینڈ کو 178 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

دبئی ۔26 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ انگلش ٹیم 491 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 312 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جو روٹ 71 اور عادل راشد 61 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ یاسر شاہ نے 4 اور ذوالفقار بابر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پیر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے 491 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری نامکمل اننگز 130 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 59 اور جونی بیئرسٹو 6 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ دونوں بلے بازوں نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 157 تک لے گئے، جو روٹ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 71 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

جونی بیئرسٹو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 178 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گر گئی جب جوز بٹلر 7 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بین سٹوکس ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بنانے کے بعد عمران خان کی گیند پر کپتان مصباح الحق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عادل راشد اور سٹورٹ براڈ نے آٹھویں وکٹ میں 60 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 253 تک پہنچا دیا، سٹورٹ براڈ 30 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر عادل راشد اور مارک ووڈ نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ 308 کے مجموعی سکور پر مارک ووڈ 29 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عادل راشد آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 61 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 312 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے یہ میچ 178 سے جیت لیا۔ یاسر شاہ نے چار، ذوالفقار بابر نے تین، عمران خان نے دو اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 26/10/2015 - 21:34:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :