حالیہ عمدہ کارکردگی نے افغان بورڈ کو بھی مغرو ر بنا دیا ، دورہ پاکستان سے انکار

جمعرات 31 مارچ 2016 12:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مارچ۔2016ء) ْ جن کو کرکٹ سکھائی ، انٹرنیشنل سٹیٹس دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ان کا مزاج بدل گیا ، حالیہ عمدہ کارکردگی نے افغان بورڈ کو بھی مغرو ر بنا دیا ، اسے بھی پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال خطرناک دکھائی دینے لگی۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں افغانستان ٹیم کی کارکردگی کافی بہتر رہی اور ٹیم نے اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست سے بھی دوچار کیا، مگر اس کے ساتھ ہی اس کے مزاج بھی تبدیل ہوگئے، بورڈ نے سیکیورٹی کا عذر پیش کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔

افغانستان خود عرصہ دراز سے خانہ جنگی کا شکار جب کہ اس کی کرکٹ ٹیم ماضی میں اس وقت بھی پاکستان کا دورہ کرتی رہی جب یہاں پر حالات کافی خراب تھے، مگر اب جب کہ صورتحال بہتر ہوچکی اور پی سی بی ورلڈ الیون کی میزبانی کی کوششیں کررہا ہے، ایسے میں اچانک افغانستان بورڈ نے ہی پاکستان کی سیکیورٹی پر اعتراض جڑ دیا، وہ خود اپنے ملک میں ابتر صورتحال کی وجہ سے شارجہ کو اپنا ہوم گراوٴنڈ بنائے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

اصل پروگرام کے تحت افغان ٹیم کو پاکستان کے دورے میں دو چار روزہ میچز اور 3 ون ڈے کھیلنا تھے مگر بعد میں اس ٹور کو صرف تین ایک روزہ میچز تک محدود کردیا گیا جو اپریل میں منعقد ہونا تھے۔ اس سیریز کیلیے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم سے رابطہ نہیں کیا گیا کیونکہ پی سی بی میچز کا اپنے ملک میں انعقاد چاہتا تھا۔ افغان کرکٹ بورڈ آفیشل نے میڈیا سے بات چیت میں تصدیق کی کہ بورڈ سیکیورٹی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرچکا، البتہ رسمی اعلان جلد ہوگا۔

وقت اشاعت : 31/03/2016 - 12:51:36