دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ ختم ہو گیا

اتوار 5 جون 2016 17:59

دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ ختم ہو گیا

لاہور۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 جون۔2016 ) دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ اتوار کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ختم ہوگیا اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ،دوبارہ کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لئے 16جون کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اکٹھے ہوں گے اور 17اور 18جون کی درمیانی شب انگلینڈ کے لئے روانہ ہوں گے ۔

کیمپ کے آخری روز بھی قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد اور اسسٹنٹ مینجر شاہد اسلم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈ ن کی زیر نگرانی قومی کرکٹرز نے ٹریننگ کی۔ کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور دوسرے سیشن میں قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔

(جاری ہے)

دوسرے سیشن میں کرکٹرز کی ٹریننگ کے لئے چار پچیں بنائی گئی تھیں ۔

ایک پچ پر بولنگ مشین کے ذریعے بلے بازوں کو بیٹنگ پریکٹس کروائی گئی جبکہ دوسری پچ پر ہاتھ سے تھرو کرکے پریکٹس کروائی جاتی رہی ۔تیسری پچ پر اسپنرز کو پریکٹس کروائی گئی جبکہ چوتھی پچ پر فاسٹ بولرز کو ٹریننگ کروائی گئی ۔مصباح الحق ،یونس خان اور اسد شفیق کو سلپ میں کیچنگ کی پریکٹس کروائی گئی ۔آخری دن ٹیل اینڈرز کی بیٹنگ پریکٹس پر زیادہ زور دیا گیا ۔

محمد حفیظ بھی ٹریننگ کے دوران فٹ نظر آئے ، سات روز ہ سکلز کیمپ میں21کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں ، محمد حفیظ ،سمیع اسلم ،خرم منظور ،شان مسعود ، اظہر علی ،یونس خان ،مصباح الحق ،اسد شفیق ،افتخار احمد ،آصف ذاکر ،اکبر الرحمان ، محمد عامر ،راحت علی ،عمران خان ،سہیل خان ،جنید خان ،احسان عادل ، یاسر شاہ ،ذوالفقار بابر، سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 05/06/2016 - 17:59:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :