پانچ سالہ پابندی بھگتنے کے باوجود محمد عامر اب بھی دنیا کے بہترین باؤلر بن سکتے ہیں ٗمصباح الحق

پاکستان دورہ انگلینڈ کا آغاز اتوار سے سمرسیٹ کے خلاف شروع ہونے والے تین روزہ میچ سے کریگا

پیر 27 جون 2016 22:48

پانچ سالہ پابندی بھگتنے کے باوجود محمد عامر اب بھی دنیا کے بہترین باؤلر بن سکتے ہیں ٗمصباح الحق

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پانچ سالہ پابندی بھگتنے کے باوجود محمد عامر اب بھی دنیا کے بہترین باؤلر بن سکتے ہیں۔24 سالہ فاسٹ باؤلر ممکنہ طور پر آئندہ ماہ لارڈز میں شروع ہونے والے میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا دوبارہ سے آغاز کریں گے جہاں چھ سال قبل اسی گراؤنڈ پر رونما ہونے والے بدترین اسکینڈل نے ان کے کیریئر کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا تھا۔

نیوز آف دی ورلڈ نامی ٹیبلائیڈ اخبار نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا جہاں اس وقت کے کپتان سلمان بٹ کی ہدایات پر محمد عامر اور محمد آصف نے پیسوں کے عوض جانب بوجھ کر نوبال کی تھیں۔ان تینوں کھلاڑیوں سمیت ان کے اسپورٹس ایجنٹ مظہر مجید کو جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ پانچ سالہ پابندی عائد کردی۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ستمبر میں تینوں کھلاڑیوں پر پابندی کا خاتمہ ہوا اور محمد عامر کی محدود اوورز کی کرکٹ کے ذریعے انٹرنیشل کرکٹ میں واپسی ہوئی لیکن عامر کی کرکٹ کا اصل آغاز امتحان 14 جولائی سے لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔

مصباح الحق نے کہاکہ پانچ سالہ پابندی کے باوجود محمد عامر کی صلاحیتوں میں کمی نہیں آئی اور وہ اب بھی دنیا کے بہترین باؤلر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مصباح الحق ینے پیر کو ساؤتھ ہیمپٹن کے قریب واقع ہیمپشائر روز باؤل گراؤنڈ میں ٹریننگ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ باؤلنگ کر رہا ہے، اس کی یقیناً واپسی ہوئی ہے۔آپ اس کی باؤلنگ کی رفتار، سوئنگ، گیند پر کو دیکھیں، وہ اب بھی دنیا کا بہترین باؤلر بن سکتا ہے پاکستان دورہ انگلینڈ کا آغاز اتوار سے سمرسیٹ کے خلاف شروع ہونے والے تین روزہ میچ سے کرے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ کرکٹ میں واپسی کے بعد سے اس نے جس طرز کی بھی کرکٹ کھیلی ہے، اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسے معلوم ہے کہ وہ دباؤ میں ہے لیکن وہ اسے بہت اچھے سے ہینڈل کر رہا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہاں آکر کھیلنا اس کیلئے بہترین موقع ہے کیونکہ یہ وہی جگہ ہے جہاں اسے سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اب وہ دنیا کو دکھا دے کہ وہ یہاں ٹیم کیلئے کھیلنے اور کارکردگی دکھانے کیلئے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عامر کیلئے اپنے شائقین کے دل جیتنے کا بھی نادر موقع ہے اور وہ اس کیلئے بہت محنت کر رہے ہیں۔انگلش شائقین کی جانب سے خراب رویے کے سوال پر مصباح نے کہا کہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، لیکن عامر کی توجہ اپنے کھیل پر ہونی چاہیے۔

وقت اشاعت : 27/06/2016 - 22:48:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :