کیربیئن پریمیئر لیگ‘ ٹرائنبیگو نائٹ رائیڈرز نے ہاشم آملہ اور ڈوئن براوو کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 11 رنز سے ہرا دیا‘ہاشم آملہ کی 81 رنز کی دلکش اننگز ‘کپتان براوو 66 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ‘ عمر اکمل صفر پر آؤٹ

ہفتہ 2 جولائی 2016 16:47

ٹرینیڈاڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) کیربیئن پریمیئر لیگ، ٹرائنبیگو نائٹ رائیڈرز نے ہاشم آملہ اور ڈوئن براوو کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 11 رنز سے ہرا دیا، ٹرائیڈنٹس کی ٹیم 171 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، ہاشم آملہ نے 81 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کپتان براوو 66 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے لیگ کے تیسرے میچ میں ٹرائنبیگو رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، ہاشم آملہ نے 54 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں چار چھکے شامل تھے، کپتان ڈوئن براوو نے چار چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عمر اکمل صفر پر آوٴٹ ہوئے۔ عقیل حسین اور روی رامپال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بارباڈوس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز سکور کر سکی۔ سٹیون ٹیلر 37 اور نکولس پورن 33 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ کیون کوپر اور سنیل نارائن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ہاشم آملہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

وقت اشاعت : 02/07/2016 - 16:47:10