چیمپئنز ٹرافی، پاک بھارت میچ ٹکٹوں کی مانگ سب سے زیادہ

جمعہ 2 ستمبر 2016 14:39

چیمپئنز ٹرافی، پاک بھارت میچ ٹکٹوں کی مانگ سب سے زیادہ

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 ستمبر۔2016ء) آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹکٹ بیلٹ کا آغاز ہوگیا، شائقین یکم سے 18جون تک شیڈول ایونٹ کے15میچز کی ٹکٹوں کیلیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، 30 ستمبر تک درخواستیں موصول کرنے کے بعد قرعہ اندازی ہوگی، پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی مانگ سب سے زیادہ ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹکٹ بیلٹ کا اعلان کردیا ہے، یکم سے 18 جون تک شیڈول 15 میچز کیلیے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت بچوں کیلیے 5 پانڈ اور بڑوں کیلیے 20 پانڈ سے شروع ہوگی،آفیشل سائٹ پر 30 ستمبر تک ٹکٹوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں، اس کے بعد قرعہ اندازی ہوگی، کامیاب درخواست دہندوں کو اکتوبر کے آغاز سے ہی نوٹیفکیشن بھیج دیے جائیں گے، ٹکٹوں کی قیمت ان کی جانب سے دی گئی ادائیگی کے ذرائع سے کاٹ لی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ ذرائع وہ درخواست بھیجنے کے ساتھ ظاہر کریں گے،میچ کے حساب سے ایک درخواست پر 4 سے10 ٹکٹیں دی جائیں گی، جس قیمت کی ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا جائے گا اگر قرعہ اندازی میں وہ نہ مل سکیں تو پاورپلے کے ذریعے زیادہ قیمت کی ٹکٹوں کے لیے ایک موقع اور دیا جائے گا۔ قرعہ اندازی کے بعد بچنے والی ٹکٹیں اکتوبر کے اختتام پر عام فروخت کیلیے پیش کی جائینگی، اس کی تفصیلات بعد میں ظاہر ہوں گی۔

آئی سی سی ویب سائٹ کے مطابق سب سے زیادہ مانگ ایجبسٹن میں شیڈول پاک بھارت میچ کیلیے ہے۔منتظمین کو اس مقابلے کی ٹکٹوں کیلیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کی توقع ہے۔ ادھر میزبان کپتان مورگن کا کہنا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے منتظر اور ہمیں یقین ہے کہ 2013 کی طرح اس بار بھی یہ ٹورنامنٹ انتہائی کامیاب ثابت ہوگا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے گئے ہیں تاکہ شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔

وقت اشاعت : 02/09/2016 - 14:39:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :