دوسرا ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 4وکٹیں کھو کر 106رنز بنا لیے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:31

دوسرا ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 4وکٹیں کھو کر 106رنز بنا لیے

ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اکتوبر۔2016ء)3ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کے 452رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے دن کے اختتام پر 4وکٹیں کھو کر 106رنز بنا لیے ہیں ۔ ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 4وکٹوں پر 304رنز کیساتھ اننگز شروع کی تو کپتان مصباح الحق اپنی 11ویں ٹیسٹ سنچری بنانے میں ناکام رہے اور گیبریل کی گیند پر 96رنز بنا کر ایل بی ںڈبلیو ہوگئے۔

نائٹ وا چ مین یاسر شاہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کیا تاہم وہ بھی 23رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد اور آل راﺅنڈر محمد نواز نے 7ویں وکٹ کے لیے 70رنز جوڑے اور اس دوران سرفراز احمد نے اپنی 8ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی ، سرفراز 56رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ محمد نواز کی اننگز کا اختتام 25رنز پر ہوا،سہیل خان نے 25رنز سکور کرکے ٹیم کا سکور 452رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ،پاکستان کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی ذوالفقار بابر بغیر کوئی رن بنائے بغیر آﺅٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے لیے گیبریل نے 5،ہولڈر نے 3 بشواوربراتھویٹ نے 1 ،1 وکٹ لی۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے گیبریل کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔سمیع اسلم اور اظہر علی میں دوسری وکٹ کےلئے 36رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد سمیع 6رنز بنا کر بشو کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد اسد شفیق ڈینگی کو شکست دیکر ٹیم میں واپسی کرنےوالے یونس خان کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑنے کے بعد 68 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ ہو گئے ۔

یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیریئر کی 33 ویں سنچری سکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے ۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پنک بال سے کھیلتے وقت غیر یقینی صورت حال کا سامنا تھا کیونکہ آپکو نہیں پتا چلتا کہ بال کب سوئنگ ہو نا شروع ہوجائے لیکن سرخ بال سے کھیلنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے ، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن سرخ بال سے گیند کرانے میں آسانی ہوگی۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بابر اعظم کی جگہ یونس خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو آرام دیکر راحت علی اور ذوالفقار بابر کو موقع دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانےوالے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 22/10/2016 - 18:31:55