شارجہ ٹیسٹ؛ پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 8وکٹیں کھو کر 256رنز بنالیے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 30 اکتوبر 2016 18:30

شارجہ ٹیسٹ؛ پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 8وکٹیں کھو کر 256رنز بنالیے

شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30اکتوبر۔2016ء ) 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے دن کھیل کے اختتام پر 8وکٹیں کھو کر 256رنز بنا لیے ۔شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں اظہرعلی 0اور اسد شفیق بھی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے ۔

ایک رن پر دو وکٹیں گرنے کے بعد سمیع اسلم اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 107 کے مجموعی سکور پر یونس خان 51 رنز بنا کر روسٹن چیز کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔مصباح 53،سمیع اسلم 74رنز اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 51رنز بنا کر پوویلین لوٹے ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے گیبریل نے 3 ،بشونے 4اور چیز نے ایک شکار کیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ٹاس جیت پر پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت ٹف ہے اور باؤلرز کو بہت محنت کرنا ہو گی تاہم آگے چل کر وکٹ سپنرز کیلئے سازگار ہو سکتی ہے ۔پاکستان نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں اور راحت علی اور سہیل خان کی جگہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ اب تک سیریز بہت مشکل ثابت ہوئی ہے لیکن کوشش ہو گی کہ سیریز کا اختتام اچھا ہو اسلئے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر2-0 کی واضح برتری حاصل ہے اور اگر پاکستان تیسرا ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

وقت اشاعت : 30/10/2016 - 18:30:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :