قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اوو سلو ریٹ کی پاداش میں ایک ٹیسٹ میچ کے لئے معطل کردیا گیا ، میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ ،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر بھی میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا

پیر 21 نومبر 2016 23:18

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اوو سلو ریٹ کی پاداش میں ایک ٹیسٹ میچ کے لئے معطل کردیا گیا ، میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ ،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر بھی میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا
لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اوو سلو ریٹ کی پاداش میں ایک ٹیسٹ میچ کے لئے معطل کردیا گیا ساتھ ہی ان پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر بھی میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے،* مصباح الحق کی وطن واپسی، اظہر علی دوسرے ٹیسٹ میں کپتان ہوں گے،آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے یہ کارروائی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں کی ہے جس میں پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی کی مقرر کردہ حد سے سست اوورز کیے۔

واضح رہے کہ اگر کوئی ٹیم ایک سال کے دوران دو مرتبہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوتی ہے تو اس کے کپتان کو ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے،پاکستانی ٹیم اس سال انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں بھی سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس معطلی کے سبب مصباح الحق نیوزی لینڈ کے خلاف پچیس نومبر سے ہیملٹن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی یہ اعلان کرچکا ہے کہ مصباح الحق اپنے سسر کے انتقال کے سبب دوسرے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہونگے اور اس نے اظہرعلی کو کپتان بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

مصباح الحق اپنے کریئر میں دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کی زد میں آئے ہیں، 2012 میں وہ سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے میں سلو اوور ریٹ کا شکار ہوئے تھے جس کے نتیجے میں وہ گال میں کھیلا گیا ،پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ محمد حفیظ نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی۔نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی اور مقررہ وقت کے لحاظ سے اپنے ہدف 103 اوورز کے مقابلے میں دو اوورز پیچھے رہی۔

آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مصباح کو ایک میچ کیلئے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں پر 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس سے قبل اگست میں انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں بھی مصباح الحق سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار ہائے تھے اور آئی سی سی کے قوانین کی رو سے 12 ماہ کے عرصے میں دوسری مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے پر ان پر پابندی عائد کی گئی۔

اس معطلی کے سبب قومی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جہاں کرائسٹ چرچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست کے سبب پاکستان کو سیریز میں 1-0 کے خسارے کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ سسر کے انتقال کے سبب مصباح پاکستان واپس لوٹ چکے ہیں اور ان کی پہلے ہی دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک تھی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 25 نومبر سے کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 21/11/2016 - 23:18:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :