پی سی بی کا کراچی میں حنیف محمد کے نام سے منسوب کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا فیصلہ

بدھ 30 نومبر 2016 22:25

پی سی بی کا کراچی میں حنیف محمد کے نام سے منسوب کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کراچی میں مرحوم سابق قومی کرکٹر حنیف محمد کے نام سے منسوب کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہریار خان نے یہ بات سینیٹر مشاہداللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں سینٹ کی سٹیڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے علاوہ ایبٹ آباد، بلوچستان اور پشاور میں بھی اکیڈمیز قائم کی جائیں گی جبکہ حیدرآباد میں بھی ایک چھوٹی اکیڈمی کھولی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں اکیڈمی قائم کرنے کیلئے جگہ فراہم کرنے کی یقینی دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ معیاری نہیں جس کی وجہ سے وہ دوسری ٹاپ ٹیموں سے بہت پیچھے ہے، ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے باسط علی کو ویمن ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے امید ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے ہماری توقعات پر پورا اتریں گے، ویمن کرکٹ میں نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا اور ٹیم کی موجودہ پلیئرز کئی سالوں سے کھیل رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کئی علاقوں میں کرکٹ کے میدانوں کو شادی بیاہ کی تقریبات اور سیاسی جلسوں اور کئی دوسری چیزوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، انہوں نے ریجنل حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرائونڈز کا قبضہ پی سی بی کو سونپیں تاکہ ہم خود ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ہمارے کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی اپنے ہیڈکوارٹر کو کسی دوسرے شہر منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

وقت اشاعت : 30/11/2016 - 22:25:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :