ْآسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 117 رنز سے ہرا کر سیریز کلین سویپ کر لی

نیوزی لینڈ کی ٹیم 265 رنز کے تعاقب میں 147 پر ڈھیر ہوگئی، مچل سٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں ڈیوڈ وارنر کو 156 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا

جمعہ 9 دسمبر 2016 15:55

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) آسٹریلیا نے ڈیون وارنر کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 117 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی، کینگروز نے وارنر کی 156 رنز کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 265 رنز کا ہدف دیا، کیوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 147 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، مارٹن گپٹل 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

مچل سٹارک نے تین جبکہ پیٹ کمنز، جیمز فوکنر اور تراوس ہیڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، ڈیوڈ وارنر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، وارنر نے کیریئر کی 11 ویں سنچری سکور کی اور 156 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں تراوس ہیڈ 37 اور جارج بیلی 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

ایرن فنچ تین جبکہ سٹیون سمتھ اور مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 36.1 اوورز میں 147 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ مارٹن گپٹل 34 ، ٹام لیتھم 28، کپتان کین ولیمسن 13 ، ہینری نکلوس 3 ، کولن منرو 20 ، بی جے واٹلنگ 8 ، کولن ڈی گرینڈ ہوم 11 ، مچل سینٹنر 15 ، ٹم سائودی 4 اور ٹرینٹ بولٹ ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ مچل سٹارک نے تین جبکہ جیمز فوکنر، پیٹ کمنز اور تراوس ہیڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 09/12/2016 - 15:55:11