جنوبی افریقن ٹیم پہلے ٹیسٹ میں فتح کی طرف گامزن، سری لنکا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

8 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آئی لینڈرز نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 240 رنز بنا لئے، مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 248 رنز اور پروٹیز کو 5 وکٹیں درکار، میتھیوز 58 رنز بنا کر ناقابل شکست

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:02

جنوبی افریقن ٹیم پہلے ٹیسٹ میں فتح کی طرف گامزن، سری لنکا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) جنوبی افریقن ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں فتح کی طرف گامزن ہے جبکہ سری لنکا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں، سری لنکا نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 240 رنز بنائے تھے، آئی لینڈرز کو فتح کیلئے مزید 248 رنز اور پروٹیز کو 5 وکٹیں درکار ہیں، کپتان اینجلومیتھیوز 58 اور دھانن جایا ڈی سلوا 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ربادا اور مہاراج نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، قبل ازیں جنوبی افریقہ نے 406 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے حریف ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 488 رنز کا ہدف دیا تھا، کوئنٹن ڈی کوک 69 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈوپلیسی نے 67 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، دھانن جایا ڈی سلوا نے 2 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 351 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ڈوپلیسی 41 اور ڈی کوک 42 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور چھٹی وکٹ میں 129 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 406 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر ہیراتھ نے کوک کو 69 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کر دیا جس کے بعد پروٹیز کپتان نے 406 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 488 رنز کا ہدف دیا، ڈوپلیسی 67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، دھانن جایا ڈی سلوا نے 2 جبکہ ہیراتھ، چمیرا، پرادیپ اور لکمل نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو دیمتھ کرونارتنے اور کوشل سلوا نے ٹیم کو 87 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، یہاں پر کرونارتنے رن آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 43 رنز بنائے، کوسل پریرا 6 رنز بنا کر مہاراج کا نشانہ بنے، 118 پر سری لنکا کی تیسری وکٹ گری جب کوشل سلوا 48 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر کوسل مینڈس اور کپتان اینجلومیتھیوز نے میدان سنبھالا، دونوں بلے باز اچھی بیٹنگ کر رہے تھے کہ 193 کے مجموعی سکور پر ربادا نے مینڈس کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، مینڈس نے 58 رنز بنائے، دنیش رامدین بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 8 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد میتھیوز اور ڈی سلوا نے محتاط انداز اپنایا اور مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 240 رنز بنائے تھے اور اسے کامیابی کیلئے مزید 248 رنز کی ضرورت ہے جبکہ پروٹیز ٹیم جیت سے 5 وکٹوں کی دوری پر ہے، میتھیوز 58 اور ڈی سلوا 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ربادا اور مہاراج نے دو، دو وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 29/12/2016 - 22:02:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :