تیسرا ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کی سری لنکا پر برتری

6رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم 80رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی ،مینڈس 62 رنز بنا کر نمایاں رہے ، جنوبی افریقہ کی طرف سے ہاشم آملہ 125رنز بنا کر نمایاں رہے

جمعہ 13 جنوری 2017 23:33

تیسرا ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کی سری لنکا پر برتری
جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف دوسرے روز بھی اپنی برتری قائم رکھتے ہوئے سری لنکا کی 4 وکٹیں صرف 80 رنز پر حاصل کیں اور 346 رنز کی برتری کے ساتھ دن کا اختتام کیا۔جوہانسبرگ میں جب دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ کا مجموعہ 3 وکٹوں پر 338 رنز تھا اورہاشم آملا 125 رنز پر کھیل رہے تھے۔

میزبان ٹیم ایک مضبوط آغاز کے باوجود ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام رہی اور بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے،دوسرے روز پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز نائٹ واچ مین ڈوان اولیور تھے جو 3 رنز پرآؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کے کپتان فیف ڈیوپلیسی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بوووما صفر پر پرادیپ کا شکار ہوئے۔

(جاری ہے)

ہاشم آملا بھی اپنی اننگز کو طول دینے میں ناکام رہے اور 134 رنز کی انفرادی کارکردگی کے بعد پویلین لوٹ گئے تو ٹیم کا سکور 367 رنز تھا اور 7 وکٹیں گرچکی تھیں۔

کوئنٹن ڈی کوک نے 34 رنز بنا کر ایک مرتبہ پھر مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن انھیں کمارا نے آؤٹ کر کے سری لنکا کو ایک اور کامیابی دلا دی۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 426 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور آخری سات وکٹیں مجموعے میں 98 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد گریں۔سری لنکا کی جانب سے پرادیپ اور کمارا نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں میتھیوز کو ملیں۔

دوسرے روز بہترین باؤلنگ کے بعد سری لنکا کی ٹیم بلے بازی میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 80 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی۔ورنن فیلنڈر نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی پہلی وکٹ صفر پر گرادی جبکہ رابادا نے 13 رنز بنانے والے کوسل سلوا کو آؤٹ کرکے دوسری وکٹ بھی گرادی۔سری لنکا کو تیسرا نقصان بھی رابادا نے پہنچایا جب مینڈس 62 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دھنانجایا ڈی سلوا آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنھوں نے 10 رنز بنائے۔

دوسرے روز کے اختتام پر سری لنکا کا اسکور 4 وکٹوں پر 80 رنز تھا اور انھیں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 346 رنز درکار ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔۔
وقت اشاعت : 13/01/2017 - 23:33:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :