کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا روز، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لئے

ہفتہ 21 جنوری 2017 12:06

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا روز، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لئے

کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لئے اور اسے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 29 رنز درکار ہیں۔ ٹام لیتھم اور روس ٹیلر نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ ہینری نکولس 56 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، شکیب الحسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان 45 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب جیت راول 16 رنز بناکر قمرالاسلام کا نشانہ بن گئے۔ اسی اوور میں قمرالاسلام نے کپتان کین ولیمسن کو دو کے انفرادی سکور پر آئوٹ کرکے کیویز کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، اس موقع پر ٹام لیتھم اور روس ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 104 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 153 تک پہنچا دیا، لیتھم 68 رنز بناکر تسکین احمد کا شکار بنے جبکہ روس ٹیلر بدقسمت رہے اور 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

252 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب مچل سینٹنر 29 رنز بناکر شکیب الحسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اپنے اگلے ہی اوور میں شکیب الحسن نے بی جے واٹلنگ کو ایک اور کولن ڈی گرینڈہوم کو صفر پر کلین بولڈ کرکے کیویز بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اس طرح پہلے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنالئے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 29 رنز کی ضرورت ہے۔ ہینری نکولس 56 اور ٹم سائودی 4 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ شکیب الحسن نے تین، قمرالاسلام ربی نے دو جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 21/01/2017 - 12:06:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :