حکومت انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں کامیابی پر حوصلہ افزائی کرے، فرحان محبوب

اتوار 22 جنوری 2017 12:00

اسلام آباد ۔ 22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)پاکستانی نمبر ون سکواش کے کھلاڑی فرحان محبوب نے کہا ہے کہ حکومت انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے پر حوصلہ افزائی کرے، اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو سکواش کی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے مقابلے کرانے چاہئے اوراس کے علاوہ کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے جس سے ملک میں اس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ اکیڈمیز کا قیام خوش آئند ہے جس کے ذریعے کھلاڑی گراس روٹ لیول پر تربیت حاصل کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے دو انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی جن میں پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ اور چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے اتنے بڑے ایونٹس میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ابھی تک کسی نے بھی حوصلہ افرائی نہیں کی لیکن اگر میں کسی اور کھیل میں پاکستان کے لئے اتنے بڑے اعزاز لاتا تو میری حوصلہ افزائی کے لئے بھی اعلان کر دیا جاتا، انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس وقت اسلام آباد میں کوئی رہائش کے لئے مکان بھی نہیں ہے اور تنخواہ سے تو بمشکل روٹی دال ہی چل رہی ہے،اس سوال کے جواب میں فرحان محبو ب نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ضلعی سطح پر کھیلوں کی اکیڈمیز کا قیام عمل میں لائے جس میں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کوچز کسی سے کم نہیں ہیں بلکہ میں اپنے ابو محبوب خان سے تربیت حاصل کر رہا ہوں اور وہ میری رہنمائی کر رہے ہیں اور ان کی کوچ میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کئے ہیں،اور انہوں نے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کو بھی تربیت دی تھی۔

وقت اشاعت : 22/01/2017 - 12:00:35