پونے ٹیسٹ کا دوسرا روز، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 105 رنز پر ڈھیر، سٹیو اوکیف نے 6 وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے، 298 رنز کی برتری حاصل، سٹیون سمتھ 59 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود

جمعہ 24 فروری 2017 16:58

پونے ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) بھارتی ٹیم پونے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سٹیو اوکیف کی تباہ کن بائولنگ کے باعث 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لیفٹ آرم سپنر نے 24 گیندوں پر 6 بھارتی بلے باز میدان بدر کئے، آخری سات بیٹسمین مجموعی سکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ کر سکے، آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے اور اسے 298 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

سٹیون سمتھ 59 اور مچل مارش 21 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، ایشون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پونے میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 256 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو مچل سٹارک گزشتہ روز کے سکور میں چار رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ایشون کا نشانہ بن گئے، اس طرح 260 پر آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خاتمہ ہوا، امیش یادیو نے چار، ایشون نے تین اور روندرا جدیجا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 26 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب مرلی وجے 10 رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کا نشانہ بن گئے، 44 کے مجموعی سکور پر مچل سٹارک نے ایک ہی اوور میں چیتشوار پجارا کو چھ اور ویرات کوہلی کو صفر پر آئوٹ کرکے بھارت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، کھانے کے وقفے کے بعد لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف نے اپنے تباہ کن سپیل سے بھارتی بیٹنگ لائن کا بھرکس نکال دیا، صرف 24 گیندوں پر 6 کھلاڑی آئوٹ کئے، 94 پر بھارت کے تین کھلاڑی آئوٹ تھے جبکہ بقیہ سات کھلاڑی محض 11 رنز کا اضافہ کر سکے، یہ بھارت کی ٹیسٹ میں بدترین کارکردگی ہے، لوکیش راہول 64، اجنکیا راہانے 13 ، وردھیمن ساہا صفر، ایشون ایک، جیانت یادیو دو، روندرا جدیجا دو اور امیش یادیو چار رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

مچل سٹارک نے دو جبکہ جوش ہیزلووڈ اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے اور اسے 298 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سٹیون سمتھ 59 اور مچل مارش 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر 10 ، شان مارش صفر، پیٹر ہینڈزکامب 19 اور میٹ رینشا 31 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، ایشون نے تین اور جیانت یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 24/02/2017 - 16:58:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :