گپٹل کی 180 رنز کی طوفانی اننگز، نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ون ڈے میں با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 2-2 سے برابر

کیویز نے 280 رنز کا ہدف 45 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، ڈی ویلیئرز اور ڈوپلیسی کی نصف سنچریاں رائیگاں، گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 1 مارچ 2017 15:13

ہیملٹن ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) مارٹن گپٹل کی طوفانی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ایک روزہ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی، فاتح ٹیم نے 280 رنز کا ہدف 45 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، گپٹل اور ٹیلر نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ میں 180 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، گپٹل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 11 چھکوں کی مدد سے 180 رنز کی اننگز کھیل کر پروٹیز کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، ٹیلر 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ڈی ویلیئرز اور ڈوپلیسی کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، گپٹل کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ہیملٹن میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقن ٹیم کے قائد ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 279 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈی ویلیئرز اور ڈوپلیسی کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ڈی ویلیئرز نے 72 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، ڈوپلیسی 67 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ہاشم آملہ 40، ڈی کوک صفر، ڈومینی 25، ڈیوڈ ملر ایک، پریٹوریس 10، کرس مورس 28 اور ویان پارنیل 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جیتن پٹیل نے 2 جبکہ مچل سینٹنر، ٹرینٹ بولٹ، ٹم سائوتھی اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں میزبان کیویز ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی 45 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، گپٹل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نے 11 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، روز ٹیلر 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کپتان کین ولیمسن 21 اور ڈین برائون لی 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، عمران طاہر نے دو اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 01/03/2017 - 15:13:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :