ششانک منوہر بطور آئی سی سی چیئرمین ذمہ داریاں جاری رکھنے پر آمادہ

آئی سی سی کی نئی گورننس اور فنانشل ماڈل کے اطلاق تک فرائض انجام دوں گا، منوہر

جمعہ 24 مارچ 2017 20:19

ششانک منوہر بطور آئی سی سی چیئرمین ذمہ داریاں جاری رکھنے پر آمادہ
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر نے استعفیٰ واپس لینے پر رضامندی ظاہر کر دی، منوہر نے آئی سی سی بورڈ ارکان کی جانب سے اپنی حمایت میں متفقہ قرار داد منظور کئے جانے کا بعد یوٹرن لیتے ہوئے آئی سی سی چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لیا، بورڈ ارکان نے اپنی قرارداد میں منوہر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ آئی سی سی کی نئی گورننس اور فنانشل ماڈل کے اطلاق تک مستعفی ہونے کا فیصلہ موخر کریں۔

ششانک منوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اپنے لئے جذبات اور اعتماد کے اظہار کی قدر کرتا ہوں، اسی لئے میں اپنی ذاتی وجوہات ہونے کے باوجود آئی سی سی کی نئی اصلاحات کی تکمیل تک ذمہ داریاں جاری رکھوں گا، اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر معاملات کی اچھے انداز میں منتقلی اور آئی سی سی کی گورننس پر کام کروں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ منوہر نے بگ تھری کے خاتمے کیلئے آواز اٹھائی تھی اور انہی کی کوششوں سے گزشتہ ماہ آئی سی سی نے نیا آئین متعارف کروایا تھا جس میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈز کی اجارہ داری کو ختم کیا گیا تھا تاہم اس کی حتمی منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔

یاد رہے کہ منوہر نے 15 مارچ کو ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی سی سی چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
وقت اشاعت : 24/03/2017 - 20:19:12