پاکستان کو کرکٹ میں عالمی چیمپئن بنے 25 سال مکمل،یادیں آج بھی تازہ

ہفتہ 25 مارچ 2017 12:43

پاکستان کو کرکٹ میں عالمی چیمپئن بنے 25 سال مکمل،یادیں آج بھی تازہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مارچ ۔2017ئ) پاکستان کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنے آج 25 سال مکمل ہو گئے ، 1992ءکے ایونٹ میں قومی ٹیم نے بڑے نشیب و فراز دیکھ لیے۔25 مارچ 1992ءوہ خوش قسمت دن تھا جب پاکستان کرکٹ کا فاتح عالم بنا ، میلبورن کے تاریخی میدان میں کرکٹ کے بانی انگلینڈ کو فائنل میں 22 رنز سے شکست ہوئی ، انجری کے باوجود کپتان عمران خان نے جاوید میانداد کے ہمراہ بیٹنگ کا محاذ سنبھالا اور 72 رنز بنا کر قومی ٹیم کی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے انگلینڈ کو 250 رنز کا ہدف دیا ، مشتاق احمد نے 41 رنز کے عوض 3 مہرے کھسکائے لیکن اصل کام سوئنگ کنگ وسیم اکرم کی سپر باﺅلنگ نے کردکھایا ،انہوں نے ایلن لیمب کو آﺅٹ سوئنگ پر بولڈ کیا اور پھر کرس لوئیس خطرناک ان سوئنگ بال کا نشانہ بنے جس سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا اور پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ جیت لیا ، عمران نے ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا ہوتے ہوئے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔

(جاری ہے)

1996ءمیں دفاعی چیمپئن پاکستان کو کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت سے شکست ہوئی ، 1999ءمیں لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ پر ٹیم رنر اپ رہی اور پھر 2003ءاور 2007 ءکے ورلڈکپ گرین شرٹس کےلئے ڈراﺅنا خواب ثابت ہوئے ، 2011ءکے عالمی کپ میں ایک بار پھر ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ ورلڈ کپ 2015ءمیں قومی ٹیم کا سفر کوارٹر فائنل میں آسٹریلیاکے ہاتھوں اختتام پذیر ہوا،ورلڈ کپ کی جیت کی سلور جوبلی منانے والی قومی ٹیم کو آج براہ راست ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کےلئے جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔

وقت اشاعت : 25/03/2017 - 12:43:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :