بھارت کو ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کا صلہ مل گیا، ویرات کوہلی نے ’’گرز‘‘ اور ایک ملین ڈالر انعام وصول کیا

ایشون کیلئے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کا اعلان

منگل 28 مارچ 2017 23:42

بھارت کو ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کا صلہ مل گیا، ویرات کوہلی نے ’’گرز‘‘ اور ایک ملین ڈالر انعام وصول کیا
دھرم شالا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ایک ملین ڈالر خصوصی انعام اور ٹیسٹ چیمپئن شپ ’’گرز‘‘ اپنے نام کر لیا، بھارت کو آئی سی سی کی جانب سے یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھارت نے کینگروز کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی۔

بھارت اور کینگروز کے درمیان آخری ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد سابق بھارتی بلے باز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہال آف فیمر سنیل گواسکر نے کوہلی کو ٹرافی اور ایک ملین ڈالر چیک پیش کیا۔ بھارت نے گزشتہ برس 3 اکتوبر کو پاکستان سے ٹاپ پوزیشن چھینی تھی لیکن اس کے بعد بھارتی سورمائوں نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی جس کی وجہ سے بھارت مسلسل دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ گرز اور ایک ملین ڈالر کا خصوصی انعام جیتنے میں کامیاب رہا۔

(جاری ہے)

دوسری پوزیشن کیلئے کینگروز اور جنوبی افریقہ کے درمیان جنگ جاری ہے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 5 لاکھ امریکی ڈالر، تیسری پوزیشن والی ٹیم 2 لاکھ جبکہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم ایک لاکھ امریکی ڈالر انعام کی حقدار ہو گی۔ اس موقع پر آئی سی سی نے 2016ء کرکٹر آف دی ایئر جیتنے والے بھارتی آل رائونڈر روی چندرن ایشون کیلئے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کا اعلان بھی کیا۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 23:42:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :