نالج اکانومی دورِ حاضر میں قوموں کے بقاء کی ضامن ہے،حکومت وژن2025ء کے تحت پاکستان کو دنیا کی پہلی25معیشتوں میں شامل کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

ہفتہ 18 فروری 2017 23:20

لا لہ موسیٰ۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نالج اکانومی دورِ حاضر میں قوموں کے بقاء کی ضامن ہے، دورِ جدید انتہائی تغیر و تبدل کا دور ہے اور وہی قومیں ترقی کی راہ پر کامیابی پر گامزن ہیں جو اپنے ملک و معاشرہ میں علم پر استوار معیشت کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں جہاں تازہ کی نمود افکار تازہ کے ذریعے ہی ممکن ہے، پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے مگر منزل کو حاصل کرنے کے لیے نالج اکانومی کی بنیادوں پر استوار اعلیٰ نظام تعلیم ہی مشعل راہ بن سکتا ہے، حکومت وژن2025ء کے تحت پاکستان کو دنیا کی پہلی25معیشتوں میں شامل کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے، پاکستان کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ ثابت قدمی، استقامت اور شعوری لگن کے ذریعے مطلوبہ اہداف کے حصول میں ہمارا بہترین بازوئے عمل ہیں، پروفیسر احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار جامعہ گجرات کے پانچویں جلسہٴ عطائے اسناد(کانووکیشن2017ئ) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جامعہ گجرات کے پانچویں جلسہٴ عطائے اسناد میں سیشن2015ء کے تقریباً 3200طلبہ کو اسناد اور تقریباً76طلبہ کو اعلیٰ کاکردگی اور نمایاںکامیابی دکھانے کے صلہ میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں اعزازت تقسیم کیے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے گورنر پنجاب و چانسلر جامعہ گجرات کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے طلبا وطالبات کو ڈگریاں تفویض کیں، کانووکیشن کی رسمی کارروائی کے اعلان کا فریضہ رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل نے سر انجام دیا، کانووکیشن2017ء میں نواز شریف میڈیکل کالج کے سیشن2010-15ء کے کامیاب گرایجوایٹس کی تقریب ِ حلف برداری بھی عمل میں لائی گئی، مہمانان اعزازی میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر محمد نظام الدین ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر رؤوف اعظم، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر قیصر مشتاق او ر چیئر مین فیڈرل بورڈ اکٹر اکرام علی ملک شامل تھے، ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات کی سالانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو منفرد حیثیت حاصل ہے، اعلیٰ تعلیم ہمارے قومی بیانیہ کا اہم حصہ ہے، جامعہ گجرات اپنے طلبہ کو جدید تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے ان کی ذہنی و فکری تربیت کا اعلیٰ اہتمام کر رہی ہے، جامعہ گجرات اپنے طلبہ کو84ملین روپے کے وظائف مہیا کرنے کے علاوہ یو او جی انڈومنٹ فنڈ کو بھی تیزی سے وسعت دے رہی ہے، طلبہ میں عملی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جامعہ گجرات نی2017ء کو اختراع و تخلیق کا سال قرار دیتے ہوئے انڈسٹری اکڈیمیا لنکیجز کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے، علاوہ ازیں جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ مستفید ہونے کے لیے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کا بھی بہت جلد اجراء کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں پنہاں ہے، طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے انکی کرداری تربیت اعلیٰ نظام تعلیم کا ایک اہم حصہ ہے، معاشرہ کے مختلف طبقات کو کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برداشت و اعتدال کے روّیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا کہ موجودہ حکومت وسیع تر تعلیمی ترقی کے پیش نظرہر تحصیل میں ایک یونیورسٹی قائم کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامعات و کالجوں میں تربیتی ورکشاپوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کرتے ہوئے اساتذہ و طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے میں کوشاں ہے، مجھے خوشی ہے کہ جامعہ گجرات پہلے کی نسبت زیادہ فعال ہو چکی ہے، جامعہ گجرات کی پانچویں کانووکیشن میں سول سوسائٹی کے اراکین، طلبا و طالبات کے والدین اور ضلعی انتظامیہ کے اراکین نے بھی شرکت کی، مہمانان گرامی میں میئر گجرات حاجی ناصر محمود، ایم پی اے حاجی عمران ظفر، ایم پی اے میجر ریٹائرڈ معین نواز وڑائچ، سماجی شخصیت ڈاکٹر طارق سلیم، ڈی پی اوگجرات سہیل ظفر چٹھہ، ممبران سنڈیکٹ اورصحافی برادری کے نمائندہ اراکین شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں