تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہاد اور عوام کو صاف اور شفاف نظام فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات فضل الہٰی کا تقریب سے خطاب

بدھ 22 فروری 2017 20:11

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات فضل الہٰی نے کہا ہے۔ کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کرپشن اور ظلم کے خلاف جہاد کررہی ہے۔ اور عوام کو صاف اور شفاف نظام فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل گورنمنٹ آفس مردان میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام بلین ٹری ایفورسٹیشن پراجیکٹ کے ذریعے مفت پودے تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈیڈک چیئرمین ایم پی اے افتخار علی مشوانی، ڈی ایف او طارق خادم، ایس ڈی ایف او سید ریاض احمد ، اے ڈ ی لوکل گورنمنٹ فضل اللہ ، ضلع و تحصیل کونسلران بھی موجود تھے۔ ڈیڈک چیئرمین افتخار علی مشوانی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مردان میں ہر یونین کونسل کی سطح پر بلین ٹری سونامی کے ذریعے مفت تقسیم کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری فضل الٰہی نے کہا کہ بلین ٹری سونامی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وژن ہے۔ جس کے تحت صوبے بھر میں اب تک 70کروڑ پودے لگائے جاچکے ہیں۔ جو صوبے میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی مسلسل کٹائی سے جہاں موسمیاتی پیچیدگیاں پیدا ہورہی ہے۔ وہاں معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

صوبائی حکومت نے ٹمبر مافیا کے خلاف اہم کاروائیاں کی ہیں۔ حالانکہ اس سے پہلے کسی کو بااثر ٹمبر مافیا پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا مردان ڈویژن میں اب تک 16لاکھ پودے لگائے جاچکے ہیں۔ جن میں لاچی، پاپولر، بکائن، شیشم ، پولائی وغیرہ کے پودے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پودوں کی مفت تقسیم بلا تفریق ہے۔ اور ہمارے دل اور دفتر کے دروازے ہر پارٹی اور تمام لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔

انہوں نے محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت کی کہ پودوں کی مفت تقسیم کو منصفانہ انداز میں یقینی بنایا جائے۔ اگر سرکاری اہلکار کی کوتاہی پائی گئی تو انکے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ آخر میں انہوں نے کسانوں میں مفت پودے تقسیم کئے اور لوکل گورنمنٹ دفتر مردان میں پودا لگا کر باقاعدہ شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں