معین کیس ، پی سی بی کو ’’دال میں کچھ کالا‘‘ محسوس ہونے لگا

ہفتہ 28 فروری 2015 14:50

معین کیس ، پی سی بی کو ’’دال میں کچھ کالا‘‘ محسوس ہونے لگا
لاہور (ار دو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28۔فروری 2015ء ) معین خان کیس میں پاکستان کرکٹ بورڈکو ’’دال میں کچھ کالا‘‘محسوس ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق معین خان کا ستارہ بدستور گردش میں ہے،کیسینو اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے سیر سپاٹے سے تو گئے ساتھ ہی وطن واپسی پر بھی مسئلے سے پیچھا نہ چھوٹ سکا، ایئرپورٹ پر ناراض شائقین کے غصے کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں کرکٹ کے شیدائیوں نے معین خان کے گھر کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

اب پی سی بی نے معین خان کے خلاف کیسینو اسکینڈل کا باب بندکرنے کے بجائے معاملے کی جامع انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ یہ تو معین خان کا موقف ہے کہ وہ جوا خانے کھانا کھانے گئے تھے تاہم میری اطلاعات کچھ اور ہیں، ہم معاملے کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریارخان نے کہا کہ کیسینو جانے کا واقعہ کرائسٹ چرچ میں پیش آیا جبکہ قومی ٹیم اس وقت برسبین میں ہے۔ اس وجہ سے ہمیں انکوائری کے حصول میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے تاہم اگلے 2 سے3 روز میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد حقائق عوام کے سامنے پیش کر دیے جائیں گے۔ ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گورنمنٹ حکام نے معاملے کا سخت نوٹس لیا جس کے بعد ہمارے پاس معین خان کو آسٹریلیا سے وطن واپس بلانے کے سواکوئی اور چارہ نہیں تھا۔ شہریار خان نے کہا کہ معین خان نے عوام سے میڈیا کے ذریعے معافی مانگی تاہم ہمیں ان کی تحریری معذرت ابھی موصول نہیں ہوئی، میں سابق کپتان سے جلد ملکر تفصیل کے ساتھ نقطہ نظر جاننے کی کوشش کروں گا۔
وقت اشاعت : 28/02/2015 - 14:50:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :