آئی سی سی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، احسان مانی

منگل 28 اپریل 2015 14:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ آ نٹر نیشنل کر کٹ کونسل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا اور جو کوششیں بھی ہو رہی ہیں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ تنہا کر رہا ہے۔ آئی سی سی نے جو ٹاسک فورس قائم کی تھی اس نے بھی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں ردوبدل کے بارے میں کچھ بیان دیے تھے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں، آئی سی سی کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے وہ ابھی بھی پاکستان کو ہائی رسک اور اپنے آفیشلز کو غیرمحفوظ سمجھتی ہے، زمبابوے کی ٹیم کے پاکستان آنے سے دیگر بڑی ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، آئر لینڈ کی ٹیم کے پاکستان آنے سے زیادہ فرق پڑے گا ۔

احسان مانی نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہپاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کے نتیجے میں زمبابوے نے آئندہ ماہ اپنی ٹیم پاکستان کے مختصر دورے پر بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کی سکیورٹی ٹیم حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک ایسا کوئی بھی سکیورٹی پروٹوکول نہیں پڑھا جس میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے یہ کہا ہو کہ آپ فلاں باکس پر ٹک کردیں تو وہ یہ سمجھے گی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوسکتی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی نے جو ٹاسک فورس قائم کی تھی اس نے بھی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں ردوبدل کے بارے میں کچھ بیان دیے تھے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔انھوں نے کہ آئی سی سی کا زمبابوے کی ٹیم کے دور ہ پاکستان میں اپنے امپائرز نہ بھیجنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آئی سی سی کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے وہ ابھی بھی پاکستان کو ہائی رسک اور اپنے آفیشلز کو غیرمحفوظ سمجھتی ہے۔

آئی سی سی کے سابق صدر کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کے پاکستان آنے سے دیگر بڑی ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہ ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں گی۔انھوں نے کہا کہ کینیا کی طرح زمبابوے کی ٹیم کو بھی پاکستان میں انتہائی غیرمعمولی سکیورٹی میں رکھا جائے گا۔ وہ کہیں باہر نہیں جا سکے گی نہ ہی لوگوں سے مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ زمبابوئے کا دورہ پاکستان پہلا قدم ضرور ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان آئے گی لیکن اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا لیکن مجھے امید ہے کہ آئر لینڈ کی ٹیم کے پاکستان آنے سے زیادہ فرق پڑے گا اور اس کے آنے سے پاکستان کے بارے میں لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آ سکے گی۔

وقت اشاعت : 28/04/2015 - 14:40:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :