پی سی بی کے زیر اہتمام نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ آغاز پر ہی بد انتظامی کا شکار

جمعرات 25 اگست 2016 15:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل ٹی 20کرکٹ کپ اپنے آغاز پر ہی بد انتظامی کا شکار ہو گیا ،شائقین کرکٹ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جا سکے نہ ہی شائقین کرکٹ کو ٹکٹوں کے آسان حصول کیلئے طریقہ کار مرتب دیا جا سکا جبکہ ٹورنامنٹ کی کوریج کرنیوالے میڈیا نمائندوں کو بھی پی سی بی کے نا اہل میڈیا آفیسر کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونیوالے کرکٹ کپ میں قومی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بڑی تعدا د میں شائقین کرکٹ ٹکٹوں کے حصول کیلئے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر موجود رہے جبکہ انہیں ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے کوئی آسان طریقہ کار متعارف نہیں کروایا جا سکا جبکہ کراچی وائٹس اور کراچی بلیوز کی ٹیموں کے درمیان ہونیوالا میچ دیکھنے کیلئے آنیوالے شائقین کرکٹ بھی اسٹیڈیم میں مناسب سہولیات نہ ہونے کا شکوہ کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹورنامنٹ کی کوریج کرنیوالے میڈیا کے نمائندوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پی سی بی کی جانب سے میڈیا کی معاونت کیلئے بھیجے گئے میڈیا افسر نذیر احمد کا صحافیوں کیساتھ رویہ انتہائی غیر مناسب رہا ان سے جو بھی معلومات مانگی اس میں وہ فراہم کرنے میں نہ صرف ناکام رہے بلکہ کوریج کرنیوالے میڈیا نمائندوں کو کہتے رہے کہ جب ان کا میڈیا کارڈ بن کر آ جائے گا تب انہیں فراہم کر دینگے ۔ میڈیا کے نمائندوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ان معاملات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
وقت اشاعت : 25/08/2016 - 15:18:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :