حکومت دیگر کھیلوں کی طرح ہینڈبال پر بھی توجہ دے تو قومی ٹیم عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتی ہے ،کپتان طاہرعلی

پیر 29 اگست 2016 13:26

اسلام آباد ۔ 29اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اگست۔2016ء) قومی بیچ ہینڈ بال ٹیم کے کپتان طاہر علی نے کہا ہے کہ حکومت دیگر کھیلوں کرکٹ ، ہاکی اور سکوائش کی طرح اگر ہینڈ بال پر بھی توجہ دے تو گرین شرٹس عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں،گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے جناح فٹنس سنٹر میں ٹریننگ کے دوران اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اورہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں صرف حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، طاہر علی نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہی دنیا پر کھیل کے میدان میں ہاکی، کرکٹ ، سنوکراور سکوائش میں حکمرانی کی ہے، ہمارے ہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا تا ہے، انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ اگر حکومت دیگر کھیلوں کرکٹ، ہاکی، سکوائش کی طرح ہینڈبال پر بھی توجہ دے کھلاڑی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان دنوں پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں ایشین بیچ گیمز کے تیاری کے سلسلہ میں قومی سنیئر ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں 16 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں پاکستان واپڈا کے طاہر علی، محمد حذیفہ عاطف، شاہد پرویز،عاصم سعید، محمد وقار،آصف علی اورمزمل حسین، پاکستان آرمی کے حضرت حسین، خاور یاسین، عبیداللہ، نواز خان ، محمد عثمان اور محمد فیاض جبکہ پنجاب کے محمد معاذ، اظہر علی اور محمد رضوان شامل ہیں، کھلاڑیوں کو کوچ نصیر احمد اور مرزا سلطان محمود جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں اور ہماری بھر پور رہنمائی کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں ویٹ ٹریننگ ، فزیکل ٹریننگ دی جاتی ہے اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی توجہ دی جاتی ہے، ایشین بیچ گیمز آئندہ ماہ 27 ستمبر سے ویت نام میں کھیلی جائے گی اور قومی ٹیم 22 ستمبر کو ویت نام کے لئے رووانہ ہوگی۔

وقت اشاعت : 29/08/2016 - 13:26:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :