انڈر18ایشیا ہاکی کپ ، پاکستان نے چائنیز تائپے ، بنگلہ دیش نے بھارت کو ہرادیا

اتوار 25 ستمبر 2016 13:08

انڈر18ایشیا ہاکی کپ ، پاکستان نے چائنیز تائپے ، بنگلہ دیش نے بھارت کو ہرادیا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) پاکستان نے انڈر18 ایشیا ہاکی کپ میں چائنیز تائپے کو یکطرفہ مقابلے میں6-1 سے زیر کرلیا،عدیل لطیف نے 2 بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ امجد خان، احمد ندیم، شاہ زیب اور وقار نے ایک، ایک گول بنایا، بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں5-4 سے کامیابی سمیٹ کر نئی تاریخ رقم کر دی، اشرف الاسلام نے ہیٹ ٹرک سمیت4گول کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

چین نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں6گول سے ہرا دیا۔تفصیلات کے مطابق انڈر18ایشیا ہاکی کپ کا باقاعدہ آغاز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہوا، افتتاحی روز مجموعی طور پر3 میچزکا فیصلہ ہوا، پاکستان نے چائنیز تائپے کو تمام شعبوں میں آوٴٹ کلاس کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں6گول سے زیر کیا، مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم ڈھاکا میں میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے گیم میں خاصی تیزی دیکھنے کو ملی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم ابتدا میں ہی گول کرنے میں کامیاب ہو گئی،خسارے میں جانے کے بعد حریف ٹیم نے بھی عمدہ کم بیک کیا اور گیند کو جال میں پھینک کر اسکور1-1سے برابر کر دیا، پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر گیند کو جال کے اندر پھینک کر اسکور2-1کر دیا، دوسرے ہاف میں قومی سائیڈ نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور35منٹ کے کھیل میں مجموعی طور پر 4گول داغے، عدیل لطیف سب سے کامیاب کھلاڑی رہے، انھوں نے2بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ امجد خان، احمد ندیم، شاہ زیب اور وقار نے ایک، ایک گول کیا، پاکستانی ٹیم ایونٹ کے دوسرے مقابلے میں اتوار کو چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 4کے مقابلے میں5 گول سے اپ سیٹ شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی، اشرف الاسلام میچ کے ہیرو قرار پائے، انھوں نے ہیٹ ٹرک سمیت4 بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ فضل حسین ربی نے1گول کیا،53 ویں منٹ تک مقابلہ 4-4 گول سے برابر تھا تاہم اشرف الاسلام نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کر کے بازی بنگلہ دیش کے نام کر دی۔

وقت اشاعت : 25/09/2016 - 13:08:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :