ریلوے انٹر ڈویژنل فٹبال چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر

ملتان ڈویژن نے ورکشاپ ڈویژن کو 2-0 گول سے ہرا کر ٹرافی جیت لی

جمعہ 20 جنوری 2017 19:21

ریلوے انٹر ڈویژنل فٹبال چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام انٹر ڈویژنل فٹبال چیمپئن شپ کے مقابلے مغلپورہ انسٹیٹیوٹ گرائونڈ پر اختتام پذیر ہو گئے۔ لیگ کا آخری میچ ملتان ڈویژن اور ورکشاپ ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ویجیلینس ریلوے کیپٹن آصف علی مہمانِ خصوصی تھے۔ جب گرائونڈ پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ان کا آفیشلز اور کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔ نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان ، سپورٹس آفیسر راشد محمود بٹ، سپورٹس آفیسر ورکشاپ محمداسماعیل، محمد یٰسین قادری ، انٹر نیشنل ، نیشنل کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ملتان ڈویژن کے کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے مخالف ٹیم کے پول پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیئے اور عثمان ظفر نے عمدہ کھیلا کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11ویں اور 33 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو 0 کے مقابلے میں 2 گول کی برتری دلا دی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 2-0 گول تھا۔ ورکشاپ ڈویژن کے کھلاڑیوں نے گول اتارنے سر توڑ کوشش کی مگر ملتان کے گول کیپر نے حملے پسپا کر دیئے اور کھیل کے اختتام پر مقابلہ 2-0 گول ہی رہا۔ اس طرح ملتان ڈویژن نے مجموعی طورپر 8 پوائنٹس حاصل کر کے پہلی اور ورکشاپ ڈویژن نے 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کیپٹن آصف علی نے ملتان ڈویژن کے کپتان کو وِنر ٹرافی دی۔ طارق مسعود میچ کمشنر ، رئوف باری ریفری اسیسر جبکہ محمد امجد، جہانزیب ٹیپو، زبیر شہزاد اور عدیل انور نے ریفری کے فرائض سر انجام دیئے۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 19:21:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :