بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ٹی ٹونٹی ریکارڈ توڑ دیا

پاکستانی کپتان کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 مئی 2024 22:01

بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ٹی ٹونٹی ریکارڈ توڑ دیا
ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مئی 2024ء ) پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم نے کلونٹرف کرکٹ کلب، ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف میچ کے دوران T20I میں سب سے زیادہ 50 پلس سکور بنانے کا ہندوستان کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ 29 سالہ بابر اعظم نے اب 110 اننگز کھیل کر 39 مرتبہ 50 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 50+ سکور بنانے والے کھلاڑیوں میں روہت شرما 143 اننگز میں 34 ففٹیز سکور کرکے دوسرے، محمد رضوان 81 اننگز میں 27 نصف سنچریاں بنا کر تیسرے جب کہ ڈیوڈ وارنر 103 اننگز میں 27 ففٹیز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں ۔

بابر اعظم کو حال ہی میں پاکستان کے وائٹ بال کپتان کے طور پر دوبارہ مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئرلینڈ کے خلاف T20I سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اب آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے T20Is میں بطور کپتان سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔ واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ڈبلن سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے، آئرلینڈ کی جانب سے اینڈے 35 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے،روز ایڈائر 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، لورکین ٹکر73 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے، نیل روک 4 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جارج دوکریل6 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے، کیمفر1 رن بناکر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارک ایڈائر1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان 7 وکٹوں سے فاتح رہا تھا۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں 22 سے 30 مئی تک میچز شیڈول ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے امریکا روانہ ہوگی۔ پاکستانی ٹیم بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حسن علی، عباس آفریدی، محمد عامر پر مشتمل ہے جب کہ آئرلینڈ کی ٹیم میں مارک ایڈیئر، راس ایڈیئر، اینڈریو بالبرنی، کرٹس کیمفر، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، نیل راک، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر ، بین وائٹ، کرگ ینگ شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 14/05/2024 - 22:01:58