پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماضی کے دو مایہ ناز کھلاڑیوں وسیم اکرم اور وقار یونس کے درمیان صلح ہوگئی

جمعرات 9 فروری 2017 17:49

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماضی کے دو مایہ ناز کھلاڑیوں وسیم اکرم اور وقار یونس کے درمیان صلح ہوگئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماضی کے دو مایہ ناز کھلاڑیوں وسیم اکرم اور وقار یونس کے درمیان صلح ہو گئی ،دونوں نے متنازعہ ٹویٹس بھی پروفائل سے ہٹادئیے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو عظیم فاسٹ بالروں کے درمیان ٹوئٹر جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ 1999ء میں فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انیل کمبلے نو وکٹیں حاصل کرچکے تھے اسی دوران وقار یونس میرے پاس آئے اور کہا رن آئوٹ ہوجاتے ہیں تاکہ کمبلے دس وکٹیں نہ لے سکے جس پر وسیم اکرم نے جواب دیا کہ اگر کمبلے کی قسمت میں ہوگا تو اسے وکٹ ضرور ملے گی ہاں اتنا کہہ سکتا ہوں اپنی وکٹ نہیں دوں گا۔

(جاری ہے)

وسیم کی اس انکشاف پر وقار یونس نے ٹوئٹ میں وسیم اکرم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی ایسا نہیں بولا وسیم بھائی شاید آپ کی عمر بڑھ گئی ہے جس پر ایک بار پھر وسیم اکرم نے سابق فاسٹ بالر کو جواب دیا کہ عمر کے راستے پر چلے تو ہر بار تمھیں شکست دوں گا دونوں کی ٹوئٹر جنگ پر بھارتی باز وریندر سنگھ نے اپنا جواب کچھ اس طرح دیا بہت اچھے وسیم بھائی قسمت کے آگے تو سب سازشیں ناکام ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ معاملہ سنگین ہونے پر دونوں کھلاڑیوں نے پہلے اپنے ٹویٹس ہٹائے اور پھر فون پر بات کرکے صلح کرلی بعد میں وسیم اکرم نے عذر پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے میرا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا جس پر وقار یونس نے ان کی جانب سے کی جانے والی معذرت کو قبول کرتے ہوئے معاملے کو رفع دفع کردیا۔واضح رہے کہ فروری 1999ء میں انیل کمبلے نے پاکستان کے خلاف دس وکٹیں حاصل ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز کے تمام وکٹیں اپنے نام کرنے کا ریکارڈ حاصل کیا تھا۔
وقت اشاعت : 09/02/2017 - 17:49:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :