فریال تالپور کی رکنیت معطل کرنے والے جج کو راکٹ سے نشانہ بنانے اور تنخواہ روکنے کی دھمکیوں کا انکشاف

وزرا نے دھمکی دی کہ ان ججز پرراکٹس سے حملہ کیا جائے گا اور ان کی تنخواہیں روک لی جائیں گی ، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے جج جسٹس آفتاب احمد گرڑ کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اپریل 2021 11:20

فریال تالپور کی رکنیت معطل کرنے والے جج کو راکٹ سے نشانہ بنانے اور تنخواہ ..
سکھر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔01 اپریل 2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور اور گیان چند ایسرانی کی رکنیت معطل کرنے والے جج کو راکٹ سے نشانہ بنانے اور تنخواہ روکنے کی دھمکیوں کا انکشاف ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے جج جسٹس آفتاب احمد گرڑ نے صوبہ سندھ میں کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران انکشاف کیا کہ اراکین صوبائی اسمبلی گیان چند ایسرانی اور فریال تالپور کی رکنیت معطلی کے فیصلے پر وزرا نے ججز کو راکٹس سے نشانہ بنانے اور تنخواہ روکنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت معطل کیے گئے ایم پی ایز کے وکیل پیپلزپارٹی رہنماء فاروق ایچ نائیک نے بینچ کے سامنے دلائل دیے کہ کتے کے واقعات دیکھنا محکمہ بلدیات کی ذمہ داری ہے اس کے لیے اراکین صوبائی اسمبلی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جسٹس آفتاب احمد گرڑ نے ریمارکس دیے کہ کیا سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات دیکھنا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے؟ کیا منتخب افراد عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے کے ذمہ دار نہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ وزرا نے انہیں دھمکی دی کہ ان ججز پرراکٹس سے حملہ کیا جائے گا اور ان کی تنخواہیں روک لی جائیں گی۔

فاروق ایچ نائیک نے دھمکیوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان بار کونسل اس سنگین معاملے پر ججز کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ خیال رہے کہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی ، سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیست معطل کردی گئی ، معطل کیے جانے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور ایم پی اے گیان چند اسرانی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت ہی سندھ ہائی کورٹ نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کیا گیا ، اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے دونوں ارکان کی معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن کو دونوں ایم پی ایز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔