Live Updates

توشہ خانہ ٹو کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل

استغاثہ کے گواہ عظیم منظور کو غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا، کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 ستمبر 2025 16:31

توشہ خانہ ٹو کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 3 گواہوں کے بیانات ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں مقدمے کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، آج کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کا بیان قلمبند کیا گیا اور مقدمے میں3 گواہوں کے بیانات پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے خصوصی عدالت پیش کیا گیا سماعت کے دوران عمران خان کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابی مہرالنساء احمد بھی عدالت میں موجود تھیں، سماعت کے دوران جن گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کی گئی ان میں کسٹم اپریزر رابعہ صمد، ثناء سعید، اے ڈی سی عبداللہ خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اب تک اس مقدمے میں مجموعی طور پر 14 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور جرح بھی مکمل کرلی گئی ہے، آج کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ عظیم منظور کو غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا، بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔ بتایا جارہا ہے کہ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ذولفقار عباس نقوی، عمیر مجید ملک ٹیم کے ساتھ عدالت موجود تھے، وکلائے صفائی ارشد تبریز، مفتی قوسین سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، سماعت میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔                     
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات