Live Updates

پاکستان کا عالمی امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ

پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف اس پارلیمانی رابطہ کاری سے منسلک ہیں، انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے کرٹن ریزر کی تقریب سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اہم خطاب

پیر 8 ستمبر 2025 16:52

پاکستان کا عالمی امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)سینٹ کی جانب سے نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے سلسلے میں کرٹن ریزر کی شاندار تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی رہنماؤں، سفارتکاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر 38 ممالک کے سفراء اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے جو پاکستان کی اس پارلیمانی سفارت کاری کے اقدام میں عالمی برادری کی گہری دلچسپی اور حمایت کا مظہر ہے۔

تقریب کے آغاز پر چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور آئی ایس سی کی سفیر، مصباح کھر نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف اس پارلیمانی رابطہ کاری سے منسلک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ آئی ایس سی مکالمے کے ذریعے تنازعات کے حل اور عالمی امن کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ہے، خصوصاً اس وقت جب دنیا غربت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے بڑے مشترکہ چیلنجز سے دوچار ہے۔

چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے کلیدی خطاب میں ڈپٹی وزیراعظم و قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایک ناتھ دھاکل، پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان، سفارتکاروں اور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان کے امن، تعاون اور عالمی یکجہتی کے عزم کی تجدید ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2008ء میں وزارت عظمیٰ کے دوران انہوں نے دیکھا کہ عالمی سطح پر امن اور ترقی کے ایجنڈے طے ہوتے ہیں لیکن ان کو عملی جامہ پہنانے والے ادارے یعنی پارلیمان ان اجلاسوں سے غیر حاضر تھے۔ یہی احساس ان کے دل میں ایک ایسے پلیٹ فارم کے قیام کی بنیاد بنا جہاں دنیا کے اسپیکرز مل کر عالمی مسائل کے حل میں کردار ادا کریں۔انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کو سب سے بڑا عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں انہوں نے ملتان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں متاثرہ خاندانوں کی کہانیاں عالمی یکجہتی کی فوری ضرورت کا احساس دلاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سرحدوں کی قائل نہیں۔ کوئی ایک حکومت تنہا اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ حکومتوں کو پارلیمان کی ضرورت ہے اور پارلیمان کو ایک دوسرے کی۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی قانون سازی اور پارلیمانی سفارت کاری کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ’’پاکستان-افریقہ فرینڈشپ ڈے‘‘منایا وسط ایشیائی اور یورپی پارلیمانوں سے روابط بڑھائے اور سیول میں رواں سال منعقدہ آئی ایس سی اجلاس میں 45 سے زائد اسپیکرز نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس میں تنازعات کی روک تھام، خوراک، پانی و توانائی کے تحفظ، موسمیاتی عمل، پائیدار ترقی، اچھی حکمرانی اور پارلیمانی سفارت کاری کو ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے گا۔یوسف رضا گیلانی نے مشہور فلسفی جان ڈن کے الفاظ ’’کوئی انسان جزیرہ نہیں بلکہ براعظم کا حصہ ہے‘‘ کو دہراتے ہوئے کہا کہ آئی ایس سی دراصل ’’براعظم پارلیمان‘‘ہے، جہاں ہر اسپیکر اجتماعی بھلائی میں کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر کہاکہ پارلیمان صرف قومی مباحثے کے ادارے نہیں بلکہ ایک پٴْرامن اور خوشحال دنیا کے معمار ہیں۔ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان کی قیادت لائقِ تحسین ہے اور آئی ایس سی ایک بروقت اقدام ہے جو مکالمے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے امن اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری میں بین الجماعتی تعاون ناگزیر ہے تاکہ دنیا کو درپیش نئے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

آئی ایس سی کے سیکریٹری جنرل ایک ناتھ دھاکل نے بھی پاکستان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کانفرنس عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے پارلیمانی تعاون کا سنگِ میل ثابت ہوگی۔کرٹن ریزر تقریب نے نومبر 2025 میں اسلام آباد میں ہونے والی تاریخی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے لیے فضا ہموار کر دی ہے۔ یہ تقریب پاکستان کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ جامع، غیر جانبدارانہ اور مستقبل بین قانون سازی کے ذریعے دنیا کو ایک پٴْرامن اور ہم آہنگ سمت میں لے کر جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات