خواتین اور بچیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، صدرمملکت

پیر 8 ستمبر 2025 16:52

خواتین اور بچیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خواتین اور بچیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی قوم ا س وقت تک اپنی اصل صلاحیت حاصل نہیں کرسکتی جب تک ا س کی آدھی آبادی ترقی کے عمل میں شریک نہ ہو، حکومتِ پاکستان خواندگی کے فروغ کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے اور مضبوط عوامی پالیسیوں، معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن میں جدت اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے اس مقصد کی طرف گامزن ہے۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بین الاقوامی یومِ خواندگی پر میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس عظیم مقصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں اور ایک ایسے پاکستان کی تشکیل کریں جہاں خواندگی عام ہو، تعلیم جامع ہو اور علم ہر ایک کی دسترس میں ہو۔

(جاری ہے)

صدرِ مملکت نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور دنیا بھر کے ا ن تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ایک ایسے عالمی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہیں جہاں علم اور سیکھنے کے مواقع سب کے لیے دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا نام نہیں بلکہ یہ انسانی فکری نشوونما کا فروغ، عزتِ نفس کا معاملہ اور ایک بنیادی انسانی حق بھی ہے، یہ افراد کو اعتماد عطا کرتی ہے، انہیں معاشرے میں آواز فراہم کرتی ہے اور ا ن مواقع کے دروازے کھولتی ہے جو بصورتِ دیگر ا ن کی پہنچ سے باہر رہتے۔

صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ خواندگی ذاتی ترقی اور سماجی ارتقاء کی بنیاد بھی ہے جو شہریوں کو معیشت، ثقافت اور جمہوریت میں بھرپور شرکت کے قابل بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی پاکستان کے لیے قومی تعمیر کی بنیاد ہے، یہ غربت میں کمی، جدت کے فروغ، جمہوریت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ قوم ہی مضبوط قوم ہوتی ہے جو دانش، استقامت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ اپنے مسائل کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین اور بچیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے، ایک تعلیم یافتہ خاتون نہ صرف خود کو سنوارتی ہے بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کی فلاح کا ذریعہ بھی بنتی ہے، وہ تبدیلی اور ترقی کی علمبردار بنتی ہے، خواتین کی تعلیم میں سرمایہ کاری، صحت مند خاندانوں، مضبوط معیشت اور ایک منصفانہ معاشرے کی ضمانت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کوئی قوم اس وقت تک اپنی اصل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتی جب تک ا س کی آدھی آبادی ترقی کے عمل میں شریک نہ ہو، حکومتِ پاکستان خواندگی کے فروغ کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے اور مضبوط عوامی پالیسیوں، معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن میں جدت اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے اس مقصد کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رسمی اور غیر رسمی تعلیم کو مضبوط بنا کر یہ یقینی بنا رہا ہے کہ ہر بچہ، نوجوان اور بالغ فرد، وہ خواہ کسی بھی عمر، جنس یا سماجی و اقتصادی پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، سیکھنے کے مواقع حاصل کرسکے۔

صدر نے کہا کہ یہ قومی فریضہ اجتماعی عزم کا متقاضی ہے، خاندانوں، کمیونٹیز، سول سوسائٹی، میڈیا اور نجی شعبے سمیت ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں سیکھنے کی ثقافت کو فروغ دینا ہوگا اور تعلیم کو پوری قوم کا مشترکہ اثاثہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج بین الاقوامی یومِ خواندگی پر میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس عظیم مقصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں اور ایک ایسے پاکستان کی تشکیل کریں جہاں خواندگی عام ہو، تعلیم جامع ہو اور علم ہر ایک کی دسترس میں ہو۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ ہم مل کر ایک ایسا معاشرہ تعمیر کریں جو انسانی وقار کی پاسداری کرے، خواتین کو بااختیار بنائے اور ہمارے شہریوں کی مکمل صلاحیتوں کو امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے بروئے کار لائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مشن میں کامیابی عطا فرمائے اور پاکستان کو ایک روشن، تعلیم یافتہ اور خوشحال ملک بنائے۔