صدرمملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمد محمد عبداللہ الرمیثی کونشان امتیاز عطا کردیا

پیر 8 ستمبر 2025 16:48

صدرمملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمد محمد عبداللہ الرمیثی کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں نشان امتیاز (ملٹری)عطا کیا۔ انہیں یہ اعزاز پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین روابط کو فروغ دینے کے اعتراف میں عطا کیا گیا ہے۔

پیر کو منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، سفارتکاروں اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے سینئر افسران کے علاوہ دیگر اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام نے شرکت کی۔ انہیں یہ اعزاز پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بحری تعاون کو بڑھانے میں غیر معمولی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمد عبداللہ پاکستان نیول اکیڈمی کے فار غ التحصیل ہیں۔

یو اے ای کی بحری افواج کے کمانڈر پاکستان کے بہت ہی قریبی دوست ہیں اور انہوں نے دونوں ملکوں کی بحری افواج کے درمیان پیشہ وارانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صدر مملکت نے ان کی کامیابیوں کے اعتراف اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور پیشہ ورانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے انہیں نشان امتیاز سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون خاص طور پر بحری شعبے میں دیرینہ اور مضبوط فوجی تعلقات کا عکاس ہے۔