پاکستان نے اڑان پاکستان کے تحت تبدیلی کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے‘احسن اقبال

کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کو علم، مہارت اور جدت کے ذریعے بلند پرواز کرنی ہے

پیر 8 ستمبر 2025 16:46

پاکستان نے اڑان پاکستان کے تحت تبدیلی کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے‘احسن ..
لاہور+نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے اڑان پاکستان کے تحت تبدیلی کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے،کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کو علم، مہارت اور جدت کے ذریعے بلند پرواز کرنی ہے۔بین القوامی یوم خواندگی پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر یومِ بین الاقوامی خواندگی 2025ء منا رہا ہے، جس کا موضوع ہی: ڈیجیٹل دور میں خواندگی کا فروغ ہے، خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کا نام نہیں بلکہ انسانی وقار، خودمختاری اور قومی ترقی کی بنیاد ہے۔

آج کے دور میں خواندگی کا تصور بدل چکا ہے۔ اب یہ صرف قلم اور کاغذ تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں ڈیجیٹل خواندگی بھی شامل ہے، جو ہر شہری کو ٹیکنالوجی استعمال کرنے، علم تک رسائی حاصل کرنے اور عالمی معیشت میں مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے اڑان پاکستان کے تحت تبدیلی کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے۔ ہمیں دوہرے چیلنج کا سامنا ہے،ہر بچے اور بالغ کو بنیادی خواندگی دینا اور ساتھ ہی اپنی قوم کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا تاکہ وہ اکیسویں صدی میں کامیابی سے آگے بڑھ سکیں۔

آج بھی 2کروڑ 50لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے جس پر فوری اور اجتماعی اقدام ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خواندگی کے دن میں صوبائی حکومتوں، اساتذہ، سول سوسائٹی، علما، نجی شعبے اور نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم سب مل کر قومی خواندگی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی ایمرجنسی کا اعلان کریں۔ ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ ہر پاکستانی نہ صرف پڑھنا اور لکھنا سیکھے بلکہ ڈیجیٹل دنیا کی مہارتوں سے بھی لیس ہو تاکہ ایک خوشحال، علم پر مبنی اور جامع پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

یاد رکھیے کہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکی۔ خواندگی مواقع کا پاسپورٹ ہے اور ڈیجیٹل خواندگی مستقبل کی طرف جانے والا پل ہے۔پاکستان کو علم، مہارت اور جدت کے ذریعے بلند پرواز کرنی ہے۔