پاکستان نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ورلڈ ریکارڈ بنادیا

گوجرانوالہ کے طلباء نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت کا 37 ہزاد پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 اگست 2021 16:23

پاکستان نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ورلڈ ریکارڈ بنادیا
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اگست 2021ء ) پاکستان نے صرف ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا ، گوجرانوالہ کے طلباء نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت کا 37 ہزاد پودے لگانے کا ریکارڈ توڑدیا۔ ۔ تفصیلات کے مطابق یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بناگیا جہاں سرکاری اسکولوں کے ساڑھے 12 ہزار طالب علموں نے پودے لگانے کی اس مہم میں حصہ لیا ، طالب علموں کے ساتھ 600 ٹیچرز اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے عملے نے بھی پودے لگائے۔

بتایا گیا ہے کہ 50 ہزار پودے اندرون شہر جی ٹی روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے گئے اور ریکارڈ ساز کارنامے کے بعد سائرن بھی بجائے گئے جب کہ عالمی ریکارڈ بنانے کی مہم کے آغاز سے پہلے قومی ترانہ بھی بجایا گیا ، اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے گوجرانوالہ شہر میں 50 ہزار پودے لگانے کی مہم کی مخالفت کر دی ، ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کے منصوبے پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرائی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں ، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائے گا ، جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے، خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کو اپنے اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ، سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ایسا وقت جب پوری دنیا ماحولیاتی آلودگی کے سنگین بحران کا سامنا کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر درخت اگانے کیلئے کوشاں ہے ، ایسے میں ہمارے ملک میں ن لیگ کے توفیق بٹ جیسے اراکین اسمبلی شجرکاری مہم روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے مضحکہ خیز وجوہات پیش کی جا رہی ہیں۔