نواز لیگ انتخابی مہم چلانے سے پہلے ہی ٹھس ہو چکی ہے،

عبدالعلیم خان انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما معین ٹیما کا پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان، عمران خان کے حلقے این ای131میں عبدالعلیم خان کی قیادت میں موٹر سائیکل ریلی اور کارنر میٹنگ

جمعرات 12 جولائی 2018 23:45

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و لاہور سے امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف خود کو پاک صاف ثابت کرنے کی کوشش کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ جان چکے ہیں کہ نواز لیگ انتخابی مہم چلانے سے پہلے ہی ٹھس ہو چکی ہے۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اب دفعہ 144 کے نفاذ پر کیوں واویلا کر رہے ہیں، اب ان کا رونا دھونا کسی کام نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ قوم کا حافظہ اتنا کمزور نہیں کہ وہ 30برسوں تک پنجاب اور وفاقی حکومت پر قابض رہنے والوں کے دوبارہ جھانسے میں آئیں۔ عبدالعلیم خان کی این اے 129 اور پی پی 158 میں انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما معین ٹیما نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور عبدالعلیم خان اور عمران خان کی انتخابی مہم میں بھرپور شرکت کرنے کا وعدہ کیا۔ دوسری طرف عمران خان کے حلقے این ای131میں عبدالعلیم خان نے موٹر سائیکل ریلی کی قیادت کی جس میں کارکنوں اور عام لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عبدالعلیم خان نے پنج پیر کے علاقے میں بھی کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں