
شاباش ۔ شرمین
ہفتہ 5 مارچ 2016

عمار مسعود
(جاری ہے)
سکریننگ کا آغاز ہوا تو ماحول فلم کے شروع ہونے سے پہلے منفی خیالات سے بھرا ہو ا تھا۔ ہر جید ناقد سنبھل کر بیٹھ گیا کہ اب اس فلم میں سے گن گن کر کیڑے نکالنے کا آغاز کیا جائے۔ سیونگ فیس کے ابتدائی چند مناظر گزرنے کے بعد دیکھنے والیے کچھ چپ سے ہو گئے۔ موضوع اس قدر تکلیف دہ تھا کہ مذاق اور ٹھٹھے کی گنجائیش ہی نہیں رہی۔ فلم کے مناظر آگے بڑھتے رہے اور ہال میں سناٹا بڑھتا گیا۔پھر وہ وقت بھی آیا کہ جب تیزاب سے جلی عورتوں پر ہونے والے ظلم مزید واضح ہوئے۔ دیکھنے والے ناقدین کی چیخیں نکل گئیں۔ ہال سسکیوں اور غم سے بھر گیا ۔ طاغوتی قوتوں کی سازش کے بیان دینے والوں کو چپ سی لگ گئی۔ ایک ایک منظر اس قدر تکلیف دہ تھاکہ دیکھنا دشوار ہو رہا تھا۔ فلم کی پروڈکشن نہ حیران کن تھی نہ ہی کوئی کمال کے ایکٹر اس میں موجود تھے، نہ کیمرہ ورک بہت شاندار تھا نہ ہی ایڈیٹنگ بین الاقوامی معیار کی تھی۔نہ ہی پس پردہ آواز نے کوئی جادو جگایا نہ ہی پائیں باغ میں کسی نے کوئی محبت کا گیت گایا۔سیونگ فیس کا اصل کمال اسکی سچی، سیدھی سادی کہانی تھی۔ یہ کہانی اس قدر مکمل ، حقیقی اور تکلیف دہ تھی کہ دنیا کو ششدر کرنے کے لیئے کافی تھی۔انتقام کی آگ میں تیزاب سے جلی عورتیں اپنی باقی ماندہ زندگی کس طرح گزارتی ہیں اس کے بارے میں دنیا نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا۔ کس طرح ایک فرشتہ صفت پلاسٹک سرجن ڈاکٹر اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ان مسخ شدہ چہروں کو کچھ شکل دینے کی کوشش کرتا ہے۔ کئی تکلیف دہ آپریشنز کے باوجود بھی وہ چہرے اس قدر اذیت ناک ہوتے ہیں کہ ان پر نظر پڑتے ہی روح کانپ جاتی ہے۔ خوف سے بدن میں لہو جمنے لگتا ہے۔ سفاک
سے سفاک دلوں والے ناقدین کی آنکھوں سے اشک رواں ہو جاتے ہیں۔ امریکی سازشوں والے خیالات دم توڑ جاتے ہیں۔ فلم کی سکریننگ ختم ہوئی تو سب چپ تھے۔ زبانوں کو تالے لگ گئے تھے۔ تنقید کے لفظ کہیں گم ہو گئے تھے۔
اس ساری داستان کے بیان سے یہ کہنا قطعی مقصود نہیں ہے کہ دنیا میں پراپیگنڈا فلمیں نہیں بنتیں۔ فلم میڈیا کا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے اور مغرب کو اس ہتھیار کو استعمال کرنا بہت خوبی سے آتا ہے۔ اس کی اہمیت کو ہالی وڈ سے بہتر کون جانتا ہے۔ ایسی مثالوں سے فلمی تاریخ بھری پڑی ہے۔بہت تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں سن دو ہزار دس کے آسکر آیوارڈیاد کیجئے۔ ایوٹار جیسی لاجواب فلم کے مقابلے میں جب ہرٹ لاکر جیسی فلم آسکر جیتتی ہے تو شکایت بحرہال فلم بینوں کا حق بنتا ہے۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ فلموں کو استعمال کیا جاتا ہے ۔ لیکن ہر فلم ایسی نہیں ہوتی، ہر ایوارڈپراپیگنڈا نہیں ہوتا۔ ہر چیز سازش نہیں ہوتی۔ دنیا اپنے دکھوں پر بھی فلمیں بناتی ہے۔ اپنے غم بھی فلم کے ذریعے ناظرین کو شریک کرتی ہے۔امریکہ میں رنگ و نسل کے بناء پر جو سیاہ فام لوگوں کے ساتھ صدیوں سلوک ہوا اس پر درجنوں فلمیں بنی ہیں۔ سفید فام باشندوں کے مظالم کی سینکٹروں کہانیوں پر فلمیں بنی ہیں۔ وہاں تو کسی نے نہیں کہا کہ ہمارے نام کو بٹہ لگ رہا ہے۔ ہماری عزت کو بیچا جا رہا ہے۔ ہمارے غموں کا سودا کیا جا رہا ہے۔
شرمین عبید کی تازہ ترین فلم کے بارے میں بھی لوگ حسب روایت مشکوک ہیں۔ غیرت کے نام پر قتل کی قبیح رسم ہمارے ہاں پرانی ہے۔یہ وہ معاملہ ہے جس میں نہ پویس ہاتھ ڈالتی ہے نہ عدلیہ کی طرف سے واضح فیصلہ آتا ہے۔ قوانین سب موجود ہیں مگر اس پر عمل پیرا ہونے کی جرات کسی میں نہیں ہوتی۔پسند کی شادی کے معاملے پر عورت کو ختم کر کے ہی ہماری مصنوعی عزت ، غیرت کچھ بحال ہوتی ہے۔ پسند کی شادی اس معاشرے میں اتنا بڑا جرم ہو گئی ہے کہ لڑکی کو قتل کرنا ہی خاندانوں کی نام نہاد عزت کو بچا تا ہے۔ ہم ہر روز اس طرح کے ظلم کی داستان سنتے ہیں اس لیئے ہماری سوچ مفلوج اور حسیات مفقود ہو چکی ہیں۔ لیکن دنیا میں اس بات کا تصور بھی ممکن نہیں ہے۔ یہ کہانی ان کے لیئے نئی ہے۔ ظلم کی یہ روایت انکے تصور سے کہں باہر ہے۔ شرمین عبید نے جو اب اس موضوع پر کیمرہ اٹھایا ہے تو وہ شاباش کی مستحق ہیں۔ سیدھا، سچا اور کھرا سچ ہمیں سب کو برا لگتا ہے۔ لیکن بہت بہادر لوگ ہوتے ہیں جن میں اس سچ کو کہ دینے کی جرات ہوتی ہے۔ اٹھائیس فروری کو ہونے والے آسکر میں اگر ایوارڈ شرمین جیت جاتی ہیں تو بہت کمال کی بات ہے اور پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے اور اگر بالفرض یہ ایوارڈگرل ان دی ریور کو نہیں بھی ملتا تو بھی شرمین ہم سب کو ہمارے چہروں پر سچ بولنے کے اعتراف میں مبارک باد اور نیک تمناوں کی مستحق ہیں۔ شاباش ۔ شرمین۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
عمار مسعود کے کالمز
-
نذرانہ یوسفزئی کی ٹویٹر سپیس اور فمینزم
پیر 30 اگست 2021
-
گالی اور گولی
جمعہ 23 جولائی 2021
-
سیاسی جمود سے سیاسی جدوجہد تک
منگل 29 جون 2021
-
سات بہادر خواتین
پیر 21 جون 2021
-
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے نام ایک خط
منگل 15 جون 2021
-
تکون کے چار کونے
منگل 4 مئی 2021
-
نواز شریف کی سیاست ۔ پانامہ کے بعد
بدھ 28 اپریل 2021
-
ابصار عالم ہوش میں نہیں
جمعرات 22 اپریل 2021
عمار مسعود کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.