
پارٹی از ناٹ اوور
اتوار 22 اکتوبر 2017

عمار مسعود
(جاری ہے)
کیا ہونے والا ہے اس کا اشارہ دے دے۔
برادرم عمر چیمہ میرے لئے بہت قابل احترام ہیں ۔
میرے لئے سہیل ورائچ صاحب بھی محترم ہیں اور برادرم عمر چیمہ کی بھی میں بہت عزت کرتا ہوں ۔ ان ہر دو افراد کی دیانت ، صحافت اور حق گوئی کسی بھی شہبے سے بالاتر ہے۔سچ لکھنے کے لئے یہ کسی بھی مرحلے سے گذر سکتے ہیں۔ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ لیکن اس سب کے باوجود میں بڑے احترام سے ان دونوں افراد سے اختلاف کی جسارت چاہتا ہوں ۔ میرے خیال میں پارٹی از ناٹ اوور۔ ابھی کھیل باقی ہے۔ ابھی کشمکش کے دن باقی ہیں۔ ابھی ہم جواب کے منتظر ہیں۔کہانی کا آغاز تو یہ محترمین درست بتا رہے ہیں لیکن انجام پر بحث ہو سکتی ہے۔اختلاف رائے ہو سکتا ہے۔نتیجہ مختلف بھی ہو سکتا ہے۔ شطرنج کے مہرے کوئی اور چال بھی چل سکتے ہیں۔ شاہ کو مات بھی ہو سکتی ہے۔ ترپ کا پتہ کھیلا بھی جا سکتا ہے۔شکاری کی بندوق جام بھی ہو سکتی ہے۔ کہانی اچانک تمام بھی ہو سکتی ہے۔نیزے کے طرح تنی ہوئی تلوار نیام بھی ہو سکتی ہے۔
یہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ تماشہ ہم نے بہت باردیکھا ہے۔ کئی دفعہ یہ کہانی دوہرائی جا چکی ہے۔ اب تو ہر منظر، ہر کردار ، ہر موڑ دیکھا بھالا سا لگتا ہے۔ پارٹی اس طرح پہلے بھی کئی دفعہ ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پہلے بھی عوام کے حق حاکمیت پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ پہلے بھی عوامی خواہشات کو بوٹوں تلے روندا گیا گیا ہے۔ پہلے بھی گمنام کرپشن کے قصے زبان زد عام ہوئے ہیں۔ پہلے بھی جمہوریت کے نام کو پامال کیا گیا ہے۔ پہلے بھی لوگوں کو کم مائیگی کا احساس دلایا گیا ہے۔ پہلے بھی ان کو انکے حق سے محروم کیا گیا ہے۔ پہلے بھی انصاف کے ترازو کا پلڑا لرز چکا ہے۔ پہلے بھی آئین ملیا میٹ ہو چکا ہے۔ پہلے بھی محسن ، مجرم بن چکے ہیں۔ پہلے بھی مجرم ، محسن کہلا چکے ہیں۔پہلے بھی امید کی دیوی جل کر خاک ہو چکی ہے۔ پہلے بھی بہتر مستقبل کا خواب بکھر چکا ہے۔پہلے بھی آرزوں کا محل دھڑام سے گر چکا ہے۔پہلے بھی یہ سب کچھ ہو چکا ہے۔ پہلے بھی ہم سے رستہ کھو چکا ہے۔پہلے بھی فلک اس ظلم پر رو چکا ہے۔
لیکن جبرو استبداد سے کبھی پارٹی ختم نہیں ہوتی۔ ظلم اور قہر سے پارٹی ختم نہیں ہوتی۔ آوزیں بند ہونے سے بھی خاموشی نہیں ہوتی۔آہنی زنجیریں بھی قید نہیں کر سکتی۔سانس تو بندکی جا سکتی ہے، سماعتوں پر تو بندش ہو سکتی ہے۔ نظر پر تو قدغن لگائی جا سکتی ہے۔ سوچ پر پہرے نہیں بٹھائے جا سکتے۔اس بیان کا چشم دید گواہ یہ سارا ملک ہے۔ یہ سارا سماج ہے۔ یہ سار ا حلقہ عوام ہے۔
کوئی مجھے بتائے کہ پہلے جب پارٹی از اوور کا نعرہ لگا تھا تو کیا لوگوں کو ادراک نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے؟۔پہلے کب لوگوں کے دلوں سے نظریات کی جنگ ختم ہوئی ہے؟۔ پہلے بہتر مستقبل کی خواہش کب کم ہوئی ہے؟اس ملک کے بھوکے ننگے عوام کو یہ اعجاز حاصل ہے کہ اگر ان کے دلوں میں جمہوریت کا سودا سما جائے۔ کس نظریئے کی سمجھ آجائے۔ کوئی لیڈر بھا جائے تو پھر وہ دلوں میں ہی رہتا ہے۔اسی کی پوجا ہوتی ہے۔ اسی کی مالا جپی جاتی ہے ۔ اس کی نسلوں سے پیار کیا جاتا ہے ۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر محترمہ مریم نواز نے ایک بہت لاجواب جملہ کہا کہ بے انصافی بہت عارضی سی کیفیت ہے۔ اس کی عمر کم ہوتی ہے۔ اس کو پذیرائی حاصل نہیں ہوتی۔اس کو بالاخر راہ راست پر آنا پڑتا ہے۔ سچ کو واشگاف ہونا پرتا ہے۔ اس سچ کو تلاش عوام کرتے ہیں۔ اسکی دلیل وہ اپنے خون سے دیتے ہیں۔ اس کا ثبوت وہ اپنی محبت سے دیتے ہیں۔ پھر ایک وقت آتا ہے جب اصل مجرم کی شناخت ہوتی ہے۔ جب اصل مافیا کا پتہ چلتا ہے ، جب اصل غلطی کی شناخت ہوتی ہے۔ اس وقت عوام کا غیض و غضب تفتیش نہیں کرتا ، سوال نہیں پوچھتا ، دلیلیں نہیں دیتا ، جواب سے مطمئن نہیں ہوتا۔پھر جنون سے چڑھ کر بولتا ہے۔ پھر قید کرنے والا خود آہنی پھاٹک کو کھولتا ہے۔
پارٹی کبھی سنگ و خشت کی بارش سے زبر دستی ختم نہیں ہوتی۔ پارٹی کے اختتام کا حتمی فیصلہ عوام کا ہوتا ہے۔ یہ انکی مشاء ہو تی ہے، یہ انکی رضا سے ہوتا ہے۔ پارٹی ختم کرنے کے لئے پارٹیوں میں دڑاڑیں بھی ڈالی جاتی ہیں ۔ تقسیم کا مر حلہ بھی سامنے آتا ہے۔ دوست ، دشمن بھی بن جاتے ہیں۔ وفادار ، بے وفائی بھی کر جاتے ہیں۔فصلی پرندے کہیں اور دانہ دیکھ کر اڑ بھی جاتے ہیں۔ لیکن یہ کیفیت عارضی ہوتی ہے۔ یہ لمحہ وقتی ہوتا ہے۔ہم نے ماضی میں بارہا دیکھا ہے کہ فصلی پرندے راہ کھو جاتے ہیں۔ دڑاڑیں خود بخود مندمل ہو جاتی ہیں۔ کٹھن رستے خود سہل ہو جاتے ہیں۔اس سے پارٹی ختم نہیں ہوتی ۔ کھیل توقف کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔
ایسا بھی ہوتا ہے کہ شطرنج کے کھیل میں آخری مہرہ کبھی شاہ کو مات دے دیتا ہے۔ کبھی ترپ کا پتہ بظاہر ہارنے والے لشکر کے پاس ہے۔ابھی سیاست کی گلیوں میں اندھیرا نہیں ہوا ہے۔یاد رکھیئے جنگ میں عارضی قیام کو توقف کہتے ہیں شکست نہیں۔
پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب اس ملک کے عوام کی منشاء ہوتی ہے۔ پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب اس ملک کے عوام کے دلوں سے کوئی اتر جاتا ہے۔ پارٹی تب ختم ہوتی ہے۔ جب لوگ احسان مند نہیں رہتے۔پارٹی تب ختم سہو تی ہے جب نظریہ شکست کھاتا ہے۔پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب جڑیں زمین میں نہیں ہوتیں۔ پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب محبت کا سہارا نہیں ہوتا۔ پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب امید باقی نہیں رہتی۔ پارٹی تب ختم ہوتی ہے جب جرم سامنے آتا ہے ۔ ابھی بہت سے مرحلے باقی ہیں۔ جرم اور مجرم دونوں کی شنا خت کا مرحلہ باقی ہے۔محب وطن اور غداروں کی شنا خت کا مر حلہ باقی ہے۔ وفاشعاروں اور ابن الوقتوں کی شنا خت کا مرحلہ باقی ہے۔ ابھی پارٹی از ناٹ ایٹ آل اوور۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
عمار مسعود کے کالمز
-
نذرانہ یوسفزئی کی ٹویٹر سپیس اور فمینزم
پیر 30 اگست 2021
-
گالی اور گولی
جمعہ 23 جولائی 2021
-
سیاسی جمود سے سیاسی جدوجہد تک
منگل 29 جون 2021
-
سات بہادر خواتین
پیر 21 جون 2021
-
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے نام ایک خط
منگل 15 جون 2021
-
تکون کے چار کونے
منگل 4 مئی 2021
-
نواز شریف کی سیاست ۔ پانامہ کے بعد
بدھ 28 اپریل 2021
-
ابصار عالم ہوش میں نہیں
جمعرات 22 اپریل 2021
عمار مسعود کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.