
انسانی عقل و شعور
منگل 16 نومبر 2021

محمد عرفان ندیم
(جاری ہے)
وہ بات کر کے خاموش ہو ئے اورمیرے اطمینان کی کیفیت جاننے کے لیے میرے چہرے پر نظریں گاڑھ دیں ،میں اتنی جلدی مطمئن ہونے والا نہیں تھا ، میں نے کچھ مزید وقت کی فرمائش کی اوروہ میرا ہاتھ پکڑ کر چمن کی خوبصورت راہداریوں میں چلنے لگے ، میں نے عرض کیا ” سر کیا مشورے کے لیے عقل مند ہونا کافی نہیں ، کوئی انسان اگر سماج میں عقلمند گردانا جاتا ہے تو کیااس سے مشورہ نہیں کیا جا سکتا؟ “ انہوں نے میر ا ہاتھ چھوڑااور چمن میں رکھے بینچ پر ٹیک لگا لی ، کچھ دیر توقف کے بعد گویا ہوئے ” پہلے یہ سمجھنا اہم ہے کہ عقل بذات خود کیا ہے ، اس کا ماخذ و منبع کیا ہے اور یہ کیسے پروان چڑھتی ہے ، کسی انسان کی عقل پر ہم کیسے ، کیوں اور کب اعتماد کر سکتے ہیں ۔ “ گفتگو اہم اور سنجیدہ ہوتی جا رہی تھی ، میں ہمہ تن گوش ہو کر سننے لگے اوروہ بولنا شروع ہو ئے ” عقل وہ قوت ہے جس سے انسان اچھے برے کی تمیز اور اشیاء میں فرق کی صلاحیت سیکھتا ہے ، دوسرے لفظوں میں کسی معاملے کی منطقی تشریح اور اس سے نتائج اخذ کرنے کی صلاحیت کو ہم عقل کہتے ہیں اور یہ صلاحیت ہر انسان میں مختلف ہوتی ہے ۔ ہر انسان کی عقل اور اس کا شعور دوسرے سے مختلف ہوتا ہے اور اس اختلاف کی وجوہات متعدد ہوتی ہیں ۔ کہنے کو ہم اسے تکوینی امر کہہ کر جاج چھڑا سکتے ہیں مگر اس کے کچھ مادی اسباب بھی ہوتے ہیں جن پر غور کرنا ضروری ہے ۔ مثلادو بھائی جو ایک ہی والدین کی اولاد اور ایک ہی گھر میں پلے بڑھے ہوتے ہیں ان کا شعور اور عقل کے درجات مختلف ہوتے ہیں ،اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ان دونوں کا بچپن ، ماحول ، درسگاہ ،تصور مذہب، مطالعہ ، زندگی کے تجربات اور محنت مختلف ہوتی ہے ۔ آپ کا بچپن جس طرح کے ماحول میں گزرتا ہے آپ کی عقل اور شعور اسی انداز میں پروان چڑھتے ہیں ، آپ جس طرح کی درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں آپ کے عقل و شعور اسی چشمے سے سیراب ہو کر تناور ہوتے ہیں ، آپ جن شخصیات کو پڑھتے او رجن سے تاثر لیتے ہیں آپ کے عقل وشعورکے خمیر میں ان کے افکار کی آمیزش ہوئی ہوتی ہے۔ آپ کے زندگی کے تجربات بھی آپ کے عقل و شعور کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ایسا فرد جس نے زندگی پر سکون گزاری ہو ، کبھی کسی مشکل یا مصیبت کا سامنا نہ کیا ہو ، معاشی اور سماجی مسائل سے واسطہ نہ پڑا ہو اس کے عقل و شعور کا مستویٰ وہ نہیں ہو سکتا جس نے ان سب مسائل اور مشکلات کو سہا ہو ، اس کی شخصیت ان مسائل و مشکلات کے بیلنے سے پس کر نکلی ہو ۔ یہ وہ تمام عوامل ہیں جو کسی انسان کے عقل و شعور کی ساخت و پرداخت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ “ وہ سانس لینے کے لیے رکے ، کمرکو پیچھے کی طرف دراز کیا،بینچ سے ٹیک لگائی اور دونوں ہاتھ سینے پر باندھتے ہوئے بولے ” اب میں اس بات کی طرف آتا ہوں کہ ہم کیسے ، کیوں اور کب تک کسی کی عقل پر اعتماد کر سکتے ہیں ،ہمارے لیے وہ عقل و شعور معتبر ہیں جن کا خمیرمعتدل ماحول، راست مطالعے، معیاری درسگاہ ، میانہ تصور مذہب ، جائز محنت اور درست تجربات کی بنیاد پرپروان چڑھا ہو ۔اگر کسی کے عقل وشعور کی اٹھان ان بنیادوں پر نہ ہوئی ہو تو وہ قابل اعتبار نہیں اور ان پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا ۔ مثلا اگر کسی کے عقل و شعور کی اٹھان مغربی تصور مذہب پر ہوئی ہے ، اس کا مطالعہ اور تاثر مغربی مصنفین کی کتب اور شخصیات سے مستعار ہے اور اس کا بچپن ، ماحول اور درسگاہ بھی میانہ اور معتدل نہیں تو ایسے عقل و شعور پر بھی اعتماد نہیں کیا جا سکتا ۔ “بات کسی حد تک واضح ہو چکی تھی ، انہوں نے میری طرف دیکھا اور میری باڈی لینگوئج سے اندازہ لگا کر خود ہی بولے کہ امید ہے تمہارے اطمینان کا سامان ہو چکا ہے ، میں نے کندھے اچکائے اور ہونٹوں کو بھینچ کر ہاں میں گردن ہلا دی ۔ سورج شہر کی اونچی بلڈنگوں سے اوپر نکل چکا تھا اور اب اس کی کرنیں تیز او ر تند محسوس ہورہی تھیں ، وہ اٹھے ، میں نے ہاتھ آگے بڑھایا اور اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
محمد عرفان ندیم کے کالمز
-
ہم سب ذمہ دار ہیں !
منگل 15 فروری 2022
-
بیسویں صدی کی سو عظیم شخصیات !
منگل 8 فروری 2022
-
میٹا ورس: ایک نئے عہد کی شروعات
پیر 31 جنوری 2022
-
اکیس اور بائیس !
منگل 4 جنوری 2022
-
یہ سب پاگل ہیں !
منگل 28 دسمبر 2021
-
یہ کیا ہے؟
منگل 21 دسمبر 2021
-
انسانی عقل و شعور
منگل 16 نومبر 2021
-
غیر مسلموں سے سماجی تعلقات !
منگل 26 اکتوبر 2021
محمد عرفان ندیم کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.