خدمت خلق کے جذبہ سے سرشارقوم کے مسیحاوٴں اور سپاھیوں کو سلام

پیر 15 جون 2020

Mujahid Khan Tarangzai

مجاہد خان ترنگزئی

اسلام نے مخلوق کی خدمت کو خالق کی خدمت سے تعبیر کیا ہے۔ مخلوق کی مدد کرنا اور اس کے کام آناحقیقت خدا کی مدد اور کام آنا ہے ۔اگر آ پ کے پاس خدا کاکوئی بندہ ہاتھ پھیلائے اور آپ اس کا ہاتھ خالی لوٹا دیں تو گویا آپ نے خدا کے ہا تھ کو خالی لوٹادیا۔کوئی مریض آپ کی مدد کا محتاج ہوں،اور آپ نے اس کی مددسے انکار کیا تو گویا خدا کی مدد سے انکارکیا ۔

خدا کو خوش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بندوں کو خوش کیاجائے اور ان کو راحت پہنچائی جائے۔آسمان والااپنی رحمتیں اسی وقت نازل کرتا ہے جب کہ زمین والوں پررحمت وشفقت کا سلوک کیا جائے۔اور مشہور مقولہ ہے کہ عبادت سے جنت اور خدمت خلق سے خدا ملتا ہے ۔
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیٴے حفاظتی اقدامات کے تحت جہاں ملک بھر میں لاک ڈاوٴن ہے ،وہیں ڈاکٹرز ،رضاکار ،پیرا میڈیکل سٹاف اور سیکیور ٹی فورسزاپنی جان کی پرواہ کیے بغیر وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج وحفاظت میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ صورت حال میں ایسا نفسانفسی کا دور ہے کہ بھائی بھائی سے بھاگ رہا ہے ۔ وائرس کا اتنا خوف ہے کہ باپ بیٹے کا نہیں رہا اور بیٹاباپ کانہیں رہا ۔ ایسے حالات میں خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار نوجوان ڈاکٹر اُسامہ ریاض اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر مریضوں کو علاج محالجہ فراہم کرتے رہے تھے او ر قرنطینہ کیمپ میں کئی کئی گھنٹوں تک مریضوں کا چیک اپ کرتے رہے ۔

تھکاوٹ سے نڈھال ہونے کے باوجودکام جاری رکھا ۔جمعہ کی رات گھر آرام کرنے گئے تو صبح اپنے مقررہ وقت پر نہیں اُٹھے تو گھر والوں نے کمرے میں جا کر دیکھاتو انہیں بے ہوش پایا ۔جب ہسپتال پہنچا یا گیاتو ان کے دماغ اور گردوں میں شدید طبی مسائل پائے گئے جبکہ ٹیسٹ میں کورونا بھی مثبت آیا۔آخر کار کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والے نوجوان ڈاکٹر اُسامہ ریاض خود اس وائرس کا شکار ہو کر شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔

قوم کو ایسے مسیحاوٴں پر فخرہے اور ساری قوم اِن کو سلام کہتی ہے۔
کورونا جیسی خوفناک اور متعدی بیماری کا سامنا اگر کوئی لوگ کررہے ہیں تو وہ یہی طبی عملہ ہے اور یہی ہماری فرنٹ لائن ڈیفنس ہیں۔ان کو بھی اس نہ سمجھ آنے والی عالمی وباء سے اتنا ہی خطرہ ہے جتنا ہمیں لیکن وہ سب خطرات بھول کر اگلی صف میں کھڑے اس سے لڑرہے ہیں تاکہ ہم صحت یاب رہیں۔

صرف اٹلی میں طبی عملے کے ۱۵کے قریب افراد کورونا سے لڑتے لڑتے جان دے چکے ہیں ۔ چین ڈاکٹرلی وینلیانگ جو کے پہلے مرتبہ کورونا وائرس سے خبر دار کرنے والے تھے انتقال کر گئے۔ اس وقت پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ دن رات (۷/۲۴)مریضوں کی دیکھ بھال کررہا ہے،اُن مریضوں کی دیکھ بھال جن سے انہیں خود بھی خطرہ ہے، لیکن یہ بہادر سپاہی جان کی پرو اہ کئے بغیر مخلوق خدا کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

اور یہی خدمت ان کے دنیا و آخرت سنورنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ ایک حدیث میں رسول اکرمنے فرما یا ہے ۔”قیامت کے دن اللہ تعالیٰ انسان سے کہے گا،اے ابن آدم ،میں بیمار پڑارہا ۔لیکن تو نے میری عیادت نہیں کی ۔ انسان گھبرا کر عرض کریگا،اے میرے رب تو سارے جہان کا پروردگار ہے تو کب بیمار تھا ؟اور میں تیری عیادت کیسے کرتا ؟اللہ تعالیٰ فرمائے گا ،کیا تجھے معلوم نہیں کہ میرا فلاں بندہ بیمار تھا لیکن اس کے با وجود تو اس کی مزاج پُرسی کے لئے نہیں گیا ۔

اگر تو اس کے پاس جاتا تو مجھے وہاں پاتا،پھر اللہ تعالیٰ فرمائے گا ، اے ابن آدم !میں نے تجھ سے کھانا ،پانی مانگا، لیکن تو نے مجھے کھانا ،پانی نہیں دیا ۔انسان عرض کریگا ،اے رب العلمین! تو کب بھوکا پیاسا تھا اور میں تجھے کب کھانا کھلاتا ؟ اللہ فرمائے گا ،کیا تجھے یاد نہیں میرے فلاں بندے نے تجھ سے کھانا اور پانی طلب کیا تھا ، لیکن تو نے اسے نہیں کھلایا ۔

اگر تو نے اس کا حاجت پورا کیا ہوتاتو آج اس کا ثواب یہاں پاتا ۔
اس مشکل گھڑی میں ڈاکٹراز ، پیرا میڈیکل سٹاف ،رضاکار ،پولیس فورسز اور افواج پاکستان کے غیور جوان جو خدمت خلق کررہے ہیں ،یقینایہ اللہ کے نزد بھی محبو ب ومقرب بندے ہے او رقوم کے عظیم محسن بھی ہے ۔آج تمام بندے گھروں میں علاج کے طور پر محصور ہے ،اور یہ فرنٹ لائن سپاہی بنے ہمارے اور آپ کے راحت وحفاظت کے لیے اپنی جان اور بال بچوں کی پرواہ کئیے بغیر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ تمام قوم کا سلام ہے آپ کو۔اے مسیحاوٴں اور قوم کے محسنوں

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :