
پنجاب اسمبلی کا تحفظ ِ خواتین بِل
منگل 1 مارچ 2016

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
شاہ محمد اویس نورانی نے عالمِ غیض میں کہا ” پنجاب اسمبلی نے بے شرمی وبے حیائی کے قانون کوپاس کرکے اسلام مخالف قوانین کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ہر رکنِ اسمبلی اِس گناہ میں برابر کاشریک ہے“۔ مولانافضل الرحمٰن نے توپنجاب اسمبلی کے اراکین کو صرف ”زَن مرید“ کہنے پرہی اکتفاکیا لیکن اویس نورانی صاحب نے تواُن پربے شرمی وبے حیائی کا ”ٹھَپہ“ بھی لگادیا ۔ہوسکتاہے کہ اب پنجاب اسمبلی کے ارکان سَرجوڑکر اُن کے خلاف بھی تحریکِ استحقاق کامتن تیارکر رہے ہوں۔ویسے محترم اویس نورانی کا”فتویٰ“ حاصل کرنے کے لیے اُن سے دست بَستہ یہ سوال توکیا جاسکتا ہے کہ کیابے شرم وبے حیاایسے مردقرار دیئے جانے چاہییں جو عورت کوپاوٴں کی جوتی ،اُن پرتشدداور گالی گلوچ اپنی مردانگی کاجزوِ لاینفک اوراُن کو”نصف بہتر“کی بجائے ’نصف بَدتَر“ سمجھتے ہیں یاپھر ایسے مردجو تحفظِ نسواں کی خاطراسمبلی میں بِل پاس کرتے ہوئے عورتوں پر تشددکو سیرتِ طیبہﷺ کی صریحاََ خلاف ورزی سمجھتے ہیں ؟۔اصل بے شرمی وبے حیائی تویہ ہے کہ عورت کوکمزور سمجھ کراُس پرتشدد کیاجائے ،اُسے جہیزنہ لانے کے طعنے دیئے جائیں ،زندہ جلادیا جائے اوراپنی جائیداد کی تقسیم بچانے کے لیے اُس کی قُرآن سے شادی کردی جائے ۔
جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمدنعیم نے کہا” مغربی آقاوٴں کی خوشنودی کے حصول کے لیے آئین وسنت کے خلاف بِل پیش کیاگیا ۔غیورپاکستانیوں کوکلمہ کے نام پربننے والے ملک میں غیراسلامی قوانین کسی صورت قابلِ برداشت نہیں“۔ایک توہمارے ہاں یہ رسمِ بَدچل نکلی ہے کہ بات کوئی بھی ہو ،ہم اُس کاتعلق” مغربی آقاوٴں کی خوشنودی “ سے ضرورجوڑتے ہیں ۔ایک دفعہ شیطان نے بھی ”تَپ“ کرکہا تھا:
مجھ کو ہنسی آتی ہے اِس حضرتِ انسان پر
فعلِ بَد تو خود کرے اور لعنت کرے شیطان پر
بیچارے ”انگریزوں“ کو ”کَکھ“ پتہ نہیں ہوتا اورہم ”ٹھَک“ سے ساراالزام اُن پر دَھردیتے ہیں ۔ہم مفتی محمدنعیم صاحب کے تبحرِعلمی کے قائل بھی ہیں اور متاثربھی ۔مفتی صاحب نے بالکل بجاکہا کہ تحفظِ خواتین بِل کواسلامی نظریاتی کونسل میں بھیج کرشرعی فیصلہ لے لیاجائے ۔اُنہوں نے یہ بھی فرمایا ”شریعت کی جانب سے خواتین کوجو حقوق دیئے گئے ہیں اُن کی پاسداری کی جائے توتشدد کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا” ۔عرض ہے کہ جھگڑے کی بنیادی وجہ تویہی ہے کہ آج کے دَورکا مرد عورتوں کے ساتھ وہی سلوک روارکھنا چاہتاہے جو دَورِ جاہلیت کے مَردوں کاخاصہ تھا ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بِل ایسے مردوں کے لیے بنایاگیا ہے جو آج بھی چودہ سوسال پہلے کے دَورِ مشرکین میں بَس رہے ہیں جہاں بیٹی کی پیدائش کوگالی سمجھاجاتا تھااوراُسے زندہ دفن کردینا روایت ۔اگرسارے مرد عورت کے شرعی حقوق کی پاسداری کرتے توپھر ایسا بِل لانے کی ضرورت ہی محسوس نہ ہوتی ۔ دست بستہ عرض ہے کہ ہم ایسے قانون پہ ہزاربارلعنت بھیجتے ہیں جوہمیں دینِ مبیں سے دورکر دے ۔شخصی آزادی کے نام پرمادرپدر آزادی کے خلاف ہم کئی باراپنے کالموں میں لکھ چکے اورنام نہادNGO's کی خواتین کے غیرشرعی وغیر اسلامی رویے کے بارے میں بھی متعددبار لکھا ۔ہماری جنگ تواُنہی شرعی حقوق تک محدود ہے جودینِ مبیں کا تقاضہ ہے ،مادرپِدر آزادی کی نہیں۔
چیئرمین علماء کونسل علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا” پنجاب اسمبلی سے پاس کیے جانے والے قانون میں مردکو تضحیک اور مذاق بنادیا گیاہے ۔جبرکی بنیادپر چلایاجانے والانظام خاندانی اورمعاشرتی اقدارکو تباہ کرکے رکھ دے گا۔اِس قانون سے خاندانوں کے اندرتصادم بڑھے گااور صلح کے راستے بندہو جائیں گے“ ۔سمجھ سے بالاتَرکہ علامہ صاحب نے کیا سوچ کریہ کہہ دیا ”مردکو تضحیک اورمذاق بنادیا گیاہے“۔کیامردصرف اُسی صورت میں نشانہٴ تضحیک سے بچ سکتے ہیں جب وہ عورتوں پر بے جاظلم وتشدد روارکھیں؟۔کیااپنی مردانگی کاوحشیانہ اظہارنہ کرنے والے مردوں کو ”زَن مرید“ کہہ کراُن کی تضحیک کرنامناسب ہے؟۔۔۔۔ وثوق سے کہاجا سکتاہے کہ اگراِس بِل پراُس کی اصل روح کے مطابق عمل کروادیا جائے توخاندانوں کے اندرپیار ومحبت کی فضاء بھی پروان چڑھے گی اورصلح کے سارے دَربھی کھل جائیں گے لیکن ایساہوتا نظرنہیں آتاکہ ہمارے ہاں”اَشک شوئی“ کے لیے قانون توبن جاتے ہیں ،عمل درآمد نہیں ہوتا۔ ویسے بھی 70 فیصد سے زائدخواتین تودیہاتوں میں رہتی ہیں،اُن بیچاریوں کو کیاپتہ کہ آئین وقانون کِس بَلاکا نام ہے۔رہی شہروں میں بسنے والی پڑھی لکھی خواتین کی بات ،تووہ توخود ہی ”ڈنڈی پَٹی“ قائم ہیں کہ بیچارے مردوں کو آگے لگایاہوا ہے ۔اُنہیں تو ایسے قانون کی ضرورت ہی نہیں۔
حرفِ آخریہ کہ اگریہ بِل مردوں کو عورتوں کے وہی شرعی حقوق دینے کاپابندبناتا ہے جو دینِ مبیں کا تقاضہ ہیں اور سیرتِ طیبہﷺ کے عین مطابق توپھر اِس بِل پرکسی کواعتراض کرنے کاکوئی حق نہیں خواہ وہ کوئی مفتی یاعالمِ دین ہی کیوں نہ ہو ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.