وزیراعلیٰ کا عزم اور پولیس کلچر!

جمعرات ستمبر

Rao Ghulam Mustafa

راؤ غلام مصطفی

پولیس تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ہلاکتوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لا کر تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے پولیس نظام میں اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے ملزمان پر پولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کرینگے پولیس کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے عوام دوست بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس میں اصلاحات لانے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے اگر دیکھا جائے تو قیام پاکستان کے وقت سے لے کر اس وطن عزیز کے شہر اقتدار میں بسیرا کرنے والے حکمرانوں کے اقتداری ایوانوں سے پولیس کلچر میں اصلاحات لانے کے حوالے سے دئیے جانیوالے بیانات کی ایک لمبی فہرست موجود ہے لیکن بد قسمتی سے1861 ء سے بننے والے محکمہ پولیس میں اصلاحات کے حوالے سے دئیے جانے والے بیانات‘اعلانات اور دعوؤں کی تکمیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی نیت اور عزم پر شک کی گنجائش نہ بھی ہو لیکن سوال یہ ہے کہ اس ملک میں جب بھی پولیس کا روایتی تشدد فرشتہ اجل بن کر ملزم کو منوں مٹی تلے ابدی نیند سلا دیتا ہے اور اس کی ہلاکت بریکنگ نیوز بن کر اس فرسودہ نظام پر سوالات اٹھاتی ہے تو حکومت کی جانب سے اعلیٰ سظحی اجلاس‘گرفتاریاں‘معطلیاں اور انکوائری کمیٹیاں بنتی ہیں اس کلچر کو تبدیل کرنے کے لئے بڑے زوردار بیانات اور دعوے کئے جاتے ہیں لیکن اس کے بعد رات گئی بات گئی کے مترادف ایسے واقعات ماضی کا حصہ بن کر اس فرسودہ نظام کو مزیدتقویت دینے کا باعث بنتے ہیں۔

معاشرے کا کوئی بھی فرد جس کا رشتہ جرم سے جڑا ہے وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے کسی ناسور سے کم نہیں لیکن اس کی سزا کے لئے قانون اور عدالتوں کا ایک نظام موجود ہے جس پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ جب بھی پولیس تشدد کا کوئی سنگین واقعہ ملک میں رونما ہوتا ہے تو صرف اس واقعہ میں ملوث افسر یا اہلکاروں کو معطل یا حوالات میں بند کر کے اس کلچر میں اصلاحات نہیں لائی جا سکتی اور نہ ہی انہیں میں قصور وار سمجھتا ہوں جس نظام کے تحت وہ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں وہ فرسودہ نظام بہت بڑے آپریشن کا متقاضی ہے جو آج تک کسی حکومت نے بھی اس کلچر میں عملی اصلاحات لا کر پولیس اور عوام کے درمیان قائم خلیج کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی اسی وجہ ہے کہ آج بھی ایک شریف سائل تھانے میں داخل ہوتے ہی اپنے آپ کو ایک مجرم تصور کرتا ہے ایک عام سائل کی یہ سوچ اس نظام پر عدم اعتماد ہے پولیس کلچر عملی طور پر اسی وقت تبدیل ہو گا جب عوام اور پولیس کے درمیان رابطوں اور تعاون کے فقدان کو ختم کیا جائے گا۔

جب عوام اور پولیس کے درمیان تعاون کا رشتہ مضبوط ہو گا تو معاشرے سے جرم اور جرائم پیشہ افراد کے تدارک میں آسانی ہو گی۔جدید ٹیکنالوجی اور اختیارات سے لیس پولیس فورس کو عوام دوست بنانے کی راہ میں کون سے محرکات حائل ہیں محکمہ کی استعداد کار میں مثبت اضافہ‘فلاح و بہبود‘اصلاحات‘امن عامہ کے قیام اور سائل کو بلا تعطل انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر سال بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود پولیس نظام عام آدمی کو اعتماد نہیں دے سکا۔

اس میں تو کوئی شک نہیں کہ سابقہ حکومتوں کے ادوار میں کس طرح سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے پولیس کو بی ٹیم بنا کر آلہ کار بنایا گیایہی وجہ ہے کہ یہ ملک ایک پولیس اسٹیٹ بن گیااس وقت پوری دنیا میں اسکارٹ یارڈ لینڈ پولیس کی یہ روایت ضرب المثل کا درجہ رکھتی ہے کہ وہ کسی بھی مقدمہ یا کیس میں کسی قسم کا بھی سیاسی دباؤ قبول نہیں کرتی ۔مغرب کے پولیس نظام کو پرکھ لیں وہاں کا پولیس نظام مکمل طور پر غیر سیاسی ہے بھرتی کا عمل شفاف اور حکمران پارٹی کے لئے کوئی کوٹہ مختص نہیں ہوتالیکن اس کے برعکس پاکستان میں ہمیشہ اہلیت کو نظر انداز کر کے شفافیت کے عمل کو گہنایا گیاحکمرانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کے لئے اسے استعمال کیا۔

1997ء میں پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر جنرل سردار محمد خان مرحوم کی کتاب(The Ultimate Crime)شائع ہوئی اس کتاب میں وہ ایک جملہ لکھتے ہیں کہ اگر پولیس کی کارکردگی بہتر بنانی ہے تو اسے اعتماد دینا ہو گا اس کا مورال بلند کرنا ہو گا۔المیہ یہ ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اصلاحات کے نام پر ایسے اقدامات اٹھائے جن سے پبلسٹی اور پیسہ کمانا مقصود تھاجس کے باعث محکمہ پولیس کی کارکردگی ہمیشہ سوالات کی زد میں رہی اور اصلاحات کے نام پر اٹھائے جانیوالے نام نہاد اقدامات عوام اور پولیس کے درمیان دوستی کا رشتہ استوار نہ کر سکے۔

سابقہ حکومت کی پولیس اصلاحات کے حوالے سے جو کارکردگی ہے وہ انسانی حقوق کمیشن کی پڑھ لیں پنجاب میں جنوری 2014ء سے 2018ء تک جتنے پولیس مقابلے ہوئے ان مقابلوں میں 3345افراد کو ہلاک کیا گیا جن کی اوسطاسالانہ تعداد 669بنتی ہے پانچ سال کے دوران پچاسی اہلکار ان مقابلوں کے دوران مارے گئے اس کے باوجود یہ سوال آج بھی اپنی جگہ قائم اس محکمہ کے نظام پر دستک دے رہا ہے کہ یہ مقابلے اصلی تھے یا جعلی ‘حقائق یہ ہیں کہ پولیس کی شہرت اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ اصل مقابلوں کو بھی عوام شک کی نظر سے دیکھتی ہے۔

پولیس آرڈر 2002ء کا مقصد پولیس کو جوابدہ‘خود مختار‘پیشہ ور اور سیاسی مداخلت سے پاک کرنا تھا لیکن یہ آرڈر بھی غیر مئوثر ہو گیا اگر تحریک انصاف کی حکومت پولیس کلچر میں اصلاحات لانے کے لئے پر عزم ہے تو پھر وفاق کو چاہیے کہ تمام صوبوں میں یکساں قانون اور حکمت عملی وضع کرے پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کرے اگر سیاستدان پولیس کو حکم دینگے تو پھر رول آف لاء کیسے قائم ہو گا۔

وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ جتنے بھی ان کے دور حکومت میں مقابلوں اور تشدد سے ہلاکتوں کے واقعات ہو چکے ہیں ان کو نظر انداز نہ کرے بلکہ ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں تاکہ پولیس پر ریاستی آلہ کار لگنے کے الزام کا تاثر زائل ہو سکے پولیس اور سیاستدانوں کے ملاپ سے مظلوم کو انصاف نہیں مل پاتا ۔محکمہ پولیس کو مزید فعال بنانے کے لئے اہلیت کی بنیاد پر بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کی اشد ضرورت ہے قانون سازی کے ذریعے نا اہل کرپٹ آفیسران اور اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا جائے تاکہ ذیشان کاظمی‘عابد باکسر‘نوید سعید اور راؤ انوار جیسے منفی کردار اس محکمہ کی کارکردگی کو نہ گہنا سکیں۔

اکیسویں صدی کے لاء اینڈ آرڈر اور جرائم سے متعلقہ چیلنجز سے احسن اور بھر پور طریقہ سے نبرد آزما ہونے کے لئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے جب تک پولیس کے واچ اینڈ وارڈ اور انویسٹی گیشن نظام کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا جاتا تب تک معاشرے میں امن و امان کے قیام کو ممکن نہیں بنایا جا سکتا۔اگر موجودہ حکومت انگریز سے ورثہ میں ملے پولیس نظام میں اصلاحات کی اینٹ چننے میں کامیاب ہو گئی تو پھر معاشرے میں امن و امان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ سات دہائیوں بعد کیا وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس کلچر تبدیل کر کے معاشرے کو امن عامہ کے قیام کے ساتھ دنیا کے مہذب معاشروں کی صف میں لا کھڑا کریں گے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اس بات کا ادراک ضرور ہونا چاہیے کہ ان کے عزم کے سامنے یہ چیلنج صبر آزما اور ایک مشکل مرحلہ ہے ۔


© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین کالمز :

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Wazir E Aala Ka Azm Column By Rao Ghulam Mustafa, the column was published on 12 September 2019. Rao Ghulam Mustafa has written 35 columns on Urdu Point. Read all columns written by Rao Ghulam Mustafa on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.