دعوی عشق عمل سے خالی کیوں؟؟؟‎

منگل 4 مئی 2021

Romaisa Zubair

رومیصا زبیر

احد کا میدان تھا، عین اس وقت جبکہ مختصر سا اسلامی لشکر تاریخ کے اوراق میں بدر کے بعد ایک اور فتح ثبت کرنے جا رہا تھا، جبل رمّاہ پر نبی اکرمﷺ کی جانب سے تعینات تیر اندازوں کی خوفناک غلطی کی بدولت جنگ کا پانسہ پلٹ گیا۔  اسلامی لشکر کفار کے نرغے میں آکر چکی کے دو پاٹوں میں پس رہا تھا۔ رسول اکرمﷺ کے اردگرد خونریز معرکہ آرائی جاری تھی۔

کیونکہ کفار چاہتے تھے کہ نعوذ باللہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم  کی جان لے لیں۔ مشرکین کے ان حملوں سے نبی مہربان صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کو بچانے کے لیے محبت، جانثاری اور شجاعت کے ایسے مظاہرے ہوئے جو تاریخ میں امر ہو گئے۔
صحیح مسلم میں روایت ہے کہ رسول اللہﷺ اس روز سات انصار اور دو قریشی صحابہ کے ساتھ تھے۔

(جاری ہے)

جب کفار کے حملہ آور آپﷺ کے بالکل قریب پہنچ گئے تو آپ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم  نے فرمایا : "کون ہے جو انہیں ہم سے دفع کرے وہ جنت میں میرا رفیق ہو گا"  نبی صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم  کا یہ کہنا تھا کہ باری باری تمام انصاری صحابہ نے اپنی جانیں آپؐ پر نذر کر دیں۔  اب دو قریشی صحابہ طلحہ بن عبید اللہؓ اور سعد بن ابی وقاصؓ رہ گئے۔

حضرت طلحہ ؓآگے بڑھے اور گیارہ آدمیوں کے برابر لڑے۔ یہاں تک کہ ہاتھ پر تلوار کی ضرب پڑی اور انگلیاں کٹ گئیں۔  وہ کہتے جاتے" میرے ماں باپ آپ پر قربان ۔۔۔ آپ کو قوم کا کوئی تیر نہ لگے۔ میرا سینہ آپ کے سینے کے آگے ہے"۔  انہیں احد کے روز ٣۵ یا ٣٩ زخم آئے۔  ترمذی کی روایت کے مطابق نبی اکرمﷺ نے اس روز فرمایا " جو شخص روئے زمین پر کسی شہید کو چلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے وہ طلحہ بن عبید اللہ کو دیکھ لے"
حضرت ابو دجانہؓ نبی اکرمﷺ کے آگے کھڑے ہو گئے اور اپنی پیٹھ کو آپ کے لئے ڈھال بنا لیا۔

ان پر تیر برس رہے تھے مگر وہ اپنی جگہ سے ہلتے نہ تھے۔  حضرت ابو سعید حذریؓ کے والد مالک بن سنان ؓنے رسول اکرمﷺ کے چہرہ مبارک سے خون چوس کر صاف کیا۔ آپ ؐنے فرمایا اسے تھوک دو انہوں نے کہا واللہ ہرگز نہیں تھوکوں گا۔ اس کے بعد لڑتے لڑتے شہید ہو گئے۔ رسول ﷺ  نے فرمایا "جو شخص کسی جنتی کو دیکھنا چاہتا ہے وہ اسے دیکھے"۔  سعد بن ابی وقاصؓ بھی ماہر تیر انداز تھے۔

رسول ﷺ  نے اپنے ترکش کے سارے تیر ان کے لیے بکھیر دیئے اور فرمایا کہ" چلاو۔۔۔ تم پر میرے ماں باپ قربان" واللہ کیا خوش نصیبی ہے!!! رسول ﷺ نے ان کے سوا کسی کے لیے بھی ماں باپ کے فدا ہونے کی بات نہیں کی۔ (بحوالہ الرحیق المختوم)
یہ وہ مقدس و محترم نفوس تھے جنہوں نے عشق رسول ﷺ کو اپنی متاع زیست بنایا اور جب فداک ابی و امی کہا تو کوئی طاقت، کوئی شہنشاہیت، باطل کی کوئی دھمکی اور شاطروں کی کوئی چال ان کو پھسلا نہ سکی۔

  انہوں نے نبی کریمؐ کی محبت میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔
اور ہم۔۔۔ ان مقدس ہستیوں کی خاک پا بھی نہیں۔۔۔ مگر آقاؐ کے امتی ہیں۔  آقائے مہرباں صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم  سے محبت ہماری زیست کا سرمایہ ہے۔ انؐ کے نام مبارک کو چومتے اور آنکھوں سے لگاتے ہیں۔  ان ؐکا ذکر ہو تو درود و سلام لبوں پر سجا لیتے ہیں۔ کچھ عقیدت مند انؐ کا نام سنتے ہی اظہار عقیدت میں سینے پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں۔

ایمان افروز معرکوں کے بارے میں پڑھتے ہیں تو پلکیں بھیگ جاتی ہیں۔ اور ایک حسرت دل میں اترتی ہے کہ کاش ہم بھی ان میں شامل ہو جائیں جو عشق رسول کے دعوے میں پورے اترے۔ فداک ابی و امی کے نام پر زبانی جمع خرچ نہیں کی بلکہ واقعی جان نچھاور کر کے دکھائی۔
ظالم آج بھی پورے شر کے ساتھ برسر پیکار ہیں۔ ناپاک جسارتیں جاری و ساری ہیں۔ ہر کچھ عرصے کے بعد امت محمدیہ کے جذبات کو للکارا جاتا ہے۔

اور اس کے دعوی عشق کو ٹٹولا جاتا ہے۔ تمام تر شرارتوں کا ہدف وہ نبی مہربان صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم  ہیں جو شریروں کے لیے شفیق اور ظالموں کے لیے دعائے خیر تھے۔ جنہوں نے کفار حق کی جانب سے دی گئیں تمام اذیتیں تکلیفیں اس وقت بھلا دیں جب انہوں نے مکہ فتح کیا۔۔۔ تاریخ کی انوکھی فتح۔۔۔  جس میں نہ لاشوں کے ڈھیر لگتے ہیں نہ خون کے دریا بہائے جاتے ہیں۔

بھوت بستیاں بسائی جاتی ہیں نہ قیدی بنائے جاتے ہیں۔ نبی مہربانؐ اپنی جان کے دشمنوں سے فرماتے ہیں " جاو آج تم پر کوئی محاسبہ نہیں"
کیا کفار حق اپنے غلبے کی تمام تر تاریخ کھنگال کر بھی کسی ایسی فتح کی مثال پیش کر سکتے ہیں جیسی فتح نبی مہربان ؐ کے ہاتھوں ہوئی؟؟؟
ایک جانب کفار کے ناپاک عزائم ہیں دوسری جانب عشق رسول کے دعوےدار  مگر زبانی جمع خرچ کرنے والے۔

۔۔  دنیا کی بڑی عسکری چاقتوں میں سے ایک، اسلحہ و ساز و سامان سے لیس،  مادی وسائل سے مالا مال۔۔۔ مگر جب آقاؐ کے خلاف ناپاک جسارتیں کرنے والوں کو سنق سکھانے کا مرحلہ درپیش آتا ہے تو کبھی مصلحتیں آڑے آجاتی ہیں کبھی پوری دنیا سے دشمنی مول لینے کا خوف۔۔۔ کبھی اپنے کمتر ہونے کا احساس سر اٹھانے لگتا ہے تو کبھی رزق کے دروازے بند ہونے کا خطرہ۔

۔۔ نہ صرف یہ خود خوفزدہ ہیں بلکہ مصلحت کا لبادہ اس قوم کو بھی اڑھانے کی کوشش میں لگے پڑے ہیں حو آقا ؐ کی محبت سے سرشار ہیں اور عشق رسول کے دعوے کا عملی ثبوت مانگتی ہے۔  باطل کی شر انگیزیوں پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مصلحتوں اور غیر اللہ سے دلائے گئے خوف نے ہمیں بےبس قوم بنا دیاہے۔ مسلم حکمرانوں کی خاموشی نے شر انگیزی کرنے والوں کو شتر بے مہار کی طرح آزاد کر رکھا ہے۔


معرکہ بپا ہے۔ یاد رہے کہ بشارتیں اور نویدیں صرف ان ہی کے لیے ہیں جو رسول اللہ کی محبت کی خاطر ہر مصلحت کو جھٹک کر عزیمت کا راستہ اختیار کریں۔  جو کفار کی جانب سے برستے تیروں کا نہ صرف رخ موڑ دیں بلکہ ان کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیں کہ اللہ نے تو ارشاد فرما دیا ہے کہ
" (اے نبی کریم) آپ فرما دیں کہ اگر تمہارے ماں باپ بیٹے اور بھائی اور عورتیں اور خاندان کے لوگ اور وہ مال جو تم کماتے ہو اور تجارت جس کے بند ہونے سے ڈرتے ہو اور وہ مکانات جن کو پسند کرتے ہو ، اگر اللہ اور اس کے رسول سے اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنےسے زیادہ عزیز تر ہوں تو ٹھہرے رہو یہاں تک کہ اللہ اپنا حکم بھیجے اور اللہ نافرمان لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا۔

(التوبہ)
اے مسلم حکمرانو!!! اے دعوی عشق کرنے والو!!!
اب تم کو ہی یہ فیصلہ کرنا ہے کہ یورپی یونین اور باطل قوتوں سے وابستگی عزیز ہے یا عشق رسول ﷺ کے مظاہرے کا عملی قدم؟؟؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :