سب سے آسان عبادت کونسی ہے؟‎

جمعرات 6 مئی 2021

Summiaya Nilofer Kichloo

سُمَیّہ نیلوفر ِکچلو

کسی نے پوچھا کہ،" ُسمَیّہ سب سے آسان عبادت کونسی ہے؟ "
اس وقت تو ذہن میں جواب نہیں آیا لیکن کچھ دیر اس بات پر غور کیا تو ذہن میں ایک ہی بات آئی, کہ دُعا سے زیادہ آسان اور کیا ہو سکتا ہے.
انسان ایک بےبس اور دوسروں کی محتاج ہستی ہے, اور انسان کے لیے مانگنے سے زیادہ کوئی آسان کام نہیں. اور دُعا تو اپنے رب سے مانگنے کا نام ہے.

اور رب نے تو خود بتایا کہ دُعا ایک عبادت ہے.
الدُّعَاءُ هُوَ الْعِبَادَۃُ (قَالَ رَبُّکُمُ ادْعُوْنِیْ اَسْتَجِبْ لَکُمْ)
نبی ﷺ نے فرمایا: دعا عبادت ہے تمہارے رب کا فرمان ہے۔’’ تم مجھ سے دعا کرو، میں تمہاری دعا قبول کروں گا۔‘‘
کبھی سوچا ہے کہ مانگنے پر ثواب ملے؟ میرا رب کتنا عظیم ہے کہ اس نے مانگنے پر بھی ہمیں اجر دینے کا وعدہ کیا ہے.


اگر کبھی کسی ساتھی انسان سے کچھ مانگنا ہو تو بہت شرم محسوس ہوتی ہے, کیوں کہ جب ہم کسی کے محتاج ہو جائیں تو وہ ہماری تذلیل کو اپنا حق سمجھتا ہے. انسان کو یہ بات پسند نہیں کہ کوئی اُس سے مانگے, لیکن اللہ کے ہاں معاملا بالکل مختلف ہے. اللہ کو تو اپنے بندے پر پیار آتا ہے جب بندہ اللہ کے سامنے فریاد کرتا ہے. اور اللہ کے ہاں اس بندے کا رتبہ اور بڑھ جاتا ہے.
لَیْسَ شَیْئٌ اَکْرَمَ عَلَی اللهِ مِنَ الدُّعَاءِ
رسول الله ﷺ نے فرمایا: الله کے نزدیک دعا سے زیادہ کوئی چیز معزز نہیں۔

(جاری ہے)


ہم بچپن سے تقدیر کا لفظ سنتے آئے ہیں.

مجھے ہمیشہ سے لگتا تھا کہ تقدیر نہیں بدلی جا سکتی, لیکن میرا رب تو خود بتاتا ہے کہ دعائیں تقدیر بدل دیتی ہیں.
لَا یَرُدُّ الْقَضَاءَ اِلَّا الدُّعَاءُ وَلَا یَزِیْدُ فِیْ الْعُمُرِ اِلَّا الْبِرُّ
رسول الله  ﷺ نے فرمایا: دعا کے سوا تقدیر کو کوئی چیز نہیں بدل سکتی اور نیکی کے سوا عمر میں کوئی چیز اضافہ نہیں کر سکتی۔
تو پھر میں کیوں پریشان ہوں, میں کیوں ڈروں کسی چیز سے، جب میرے رب نے مجھے دُعا کا ہتھیار دے دیا ہے.


اِنَّ الدُّعَاءَ یَنْفَعُ مِمَّا نَزَلَ وَمِمَّا لَمْ یَنْزِلْ فَعَلَیْکُمْ عِبَادَ اللهِ بِالدُّعَاءِ
رسول الله  ﷺ نے فرمایا: بلا شبہ دعا اس کے بارے میں بھی فائدہ دیتی ہے جو کچھ نازل ہو چکا اور اسکے بارے میں بھی جو نہیں اترا، پس الله کے بندو تم پر دعا کرنا لازم ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :