ارطغرل، کیا واقعی؟

جمعرات 4 جون 2020

Syed Shahid Abbas

سید شاہد عباس

ہم شائد دنیا کی واحد قوم ہیں جو اپنی رویوں میں غیر یقینی صورتحال رکھتے ہیں۔ ہم چاہیں تو عام سی بات کو اتنی اہمیت سے نواز دیں کہ لوگ حیران رہ جائیں۔ اور ہم چاہیں تو انتہائی غور طلب مسلے کو چٹکیوں میں نظر انداز کر دیں۔ یہی رویہ بطور قوم شائد ہماری بقاء بھی بنا ہوا ہے۔ یا پھر یہ ہماری نفسیات کے ساتھ اس طرح جڑ گیا ہے کہ ہم اس سے نکلنے کی ہمت نا کر پا رہے ہیں نا ہی کر سکتے ہیں۔

دنیا ففتھ جنریشن وار فئیر اپنا رہی ہے۔ اصطلاح کے حوالے سے تو یہ خام خیالی ہی نظر آتی ہے۔ لیکن عملی طور پر کہیں کہیں ہمیں ففتھ جنریشن وار فئیر اس لیے نظرآنا شروع ہو چکی ہے کہ ہم میڈیا میں آئے روز اس حوالے سے ایک سیلاب امڈتا ہوا دیکھتے ہیں۔ اب یہ بلا کیا ہے ؟ اور کیسے یہ کام کر رہی ہے؟ اس کے فوائد کیا ہیں؟ اس کے نقصانات ہیں؟ اس سے کس مخصوص ملک کو زیادہ فائدہ ہو رہا ہے؟ اور کون اس میں اپنی برتری ثابت کر پا رہا ہے؟ یہ تمام باتیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سامنے آتی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ہم نہیں تو ہماری آنے والی نسلیں شائد ان جوابوں کا بذات خود مشائدہ بھی کر پائیں اور اپنی زندگیوں میں ان جوابوں کو عملی سطح پر نافذ ہوتا دیکھ بھی سکیں۔ 
میڈیا انڈسٹری ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ پروان چڑھ رہی ہے اور پوری دنیا اس صنعت سے اپنے فائدے کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔ حال ہی میں ہم نے دیکھا کہ کرونا وائرس نے دنیا کو لپیٹ میں لیا۔

ہالی ووڈ اس سے ملتے جلتے موضوع پہ فلم سالوں پہلے بنا چکا تھا۔ وجوہات کیا تھیں؟ کہانی کا مرکزی خیال کہاں سے آیا؟ ہنوز خاموشی۔ اسی طرح باقی دنیا میں بھی میڈیا کو سنجیدہ طور پر ایک پراپیگینڈہ ٹول کے طور پر استعمال کیا جانے لگا ہے۔ ایجنڈا سیٹنگ تھیوری کے تحت لوگوں کے قلوب و اذہان میں اپنی مرضی کاشت کی جانے لگی ہے۔ اس حوالے سے تمام تر کوششیں خاموشی اور نہایت غیر محسوس طریقے سے ہو رہی ہیں۔

ہم ان کوششوں کو دیکھ نہیں پاتے، محسوس نہیں کر پاتے ۔ لیکن ان کے نتائج جلد یا بدیر ہمارے سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ 
ارطغرل غازی نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔ اچھا ہے۔ اسلامی تاریخ دکھائی جا رہی ہے۔ بہت اچھا ہے۔ سلطنت عثمانیہ کا جاہ و جلال دکھایا جا رہا ہے ۔ یہ بھی بہت اچھا ہے۔ ترکی ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔ اس کی ثقافت سے روشناس کروایا جا رہا ہے۔

یہ بھی بہت اچھا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہم ارطغرل غازی ڈرامے سے محبت میں نا جانے کس حد تک چلے گئے ہیں کہ ملکی سطح پہ شان شاہد جیسا کوئی اداکار اگر لب کشائی کرتا ہے تو ہم اس کو تختہء مشق بنا لیتے ہیں۔ فرخ سہیل گوئندی جیسا کوئی لکھاری بولتا ہے تو ہم اس کے خلاف صف آراء ہو جاتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ ہم کیوں میڈیا ہٹ کے خلاف بات سننے کو تیار نہیں ہیں؟ وہ کہتے کیا ہیں؟ ان کی بات کا مقصد کیا ہے؟ ثقافتی تبادلے کے طور پہ اگر ہم ارطغرل غازی چلا رہے ہیں تو ترکی میں کون سی پاکستانی ثقافت کو ان کے قومی چینل پہ جگہ دی گئی ہے؟ اگر دی گئی ہے تو عوام کو بتائیے۔

ریٹنگ حاصل کر لی، فالورز بھی ریکارڈ بڑھ گئے، پیسہ بھی آ گیا۔ لیکن فائدہ کیا ہوا اس سب کا؟ مانا کہ اس ڈرامے نے پوری دنیا کو سحر میں جکڑا۔ کامیابی کے جھنڈے بھی گاڑے لیکن اس سے پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کو جو فوائد ہوئے ان میں سے صرف پانچ گنوا دیجیے۔ پاکستانی ڈرامے کو اس سے کیا فائدہ ہوا اس کا جواب تلاش کر دیجیے؟ پاکستان فنکار جو پہلے ہی کسمپرسی میں جان سے جانے کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں ان کی کیا بہتری ہوئی ہے؟ پاکستانی میں پروڈکشن کا شعبہ کیا اس ڈرامے کی کامیابی سے بہتر ہو پایا ہے؟ اگر ان تمام سوالوں کے جوابات نفی میں ہیں ، تو کیا واقعی ارطغرل غازی ڈرامے کو ہمیں ڈرامے سے بڑھ کے سمجھنا چاہیے؟ 
بنیادی غور طلب نقطہ یہ ہے کہ ڈرامہ تخیل، لفاظی، کردار نگاری، مکالموں، اور کسی حد تک حقیقت پہ مبنی ایک ایسی تفریح ہوتی ہے جس سے اصلاح کا کام بھی لیا جا سکتا ہے۔

لیکن ہم نے اس ڈرامے کو ڈرامے سے زیادہ سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ سلطنت عثمانیہ یقینی طور پر پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں راج کرتی رہی ہے۔ لیکن اس ڈرامے کی حد تک دیکھیں تو یہ ڈرامہ کافی حد تک موجودہ دور کی ٹیکنالوجی اور مکالماتی دنیا کا شاہکار ہے۔ حقیقت سے اس کا واسطہ اس لیے بہت کم ہے کہ نا تو سلیمان شاہ جو ارطغرل غازی کے والد ہیں، ان کے حوالے سے زیادہ معلومات دستیاب ہیں۔

نا ہی خود ارطغرل غازی یا ان کے فرزند عثمان اول (جو سلطنت عثمانیہ کے بانی سمجھے جاتے ہیں) کے حوالے سے کوئی زیادہ معلومات تاریخ کے دھاروں میں موجود ہیں۔ آپ اس دنیائے معلومات کو کھنگالیں تو وہاں یہ بھی پڑھنے کو ملتا ہے کہ ارطغرل غازی کے حوالے سے اس سے زیادہ معلومات کم ہی دستیاب ہیں کہ وہ عثمان اول کے والد تھے۔ اس حوالے سے ترک روایات میں تو ہمیں بہت کچھ ملے گا۔

لیکن تحریری سند کم ہو گی۔ تو یقینی طور پر اس وقت موجودہ دور میں بنائے گئے ڈرامے میں معلومات جو دی گئی ہیں زیادہ تر فکشن ہے۔ اور فکشن کو ڈرامائی تشکیل دی جائے تو اس حقیقت کو مد نظر رکھا جاتا ہے کہ آج کا ناظر کیا دیکھنا پسند کرتا ہے۔ کائی قبیلہ ہو یا سلیمان شاہ، ارطغرل غازی ہوں یا محلاتی سازشوں کا انبار زیادہ تر مکالمے لفظوں کا گھماؤ پھیراؤ ہیں۔

حقیقت سے ان کا تعلق ثابت کرنے کے لیے جذباتیت کی عینک اتارنا ہو گی۔اور سوچنا ہو گا کہ کیا واقعی ڈرامہ ارطغرل غازی پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے بھی بہتر ہو گا؟ 
 عثمان اول سلطنت عثمانیہ کے معمار ہیں۔ اور سلطنت عثمانیہ تمام مسلمانوں کے لیے اہم رہی۔ لیکن اس ڈرامے کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہ مکمل طور پر فکشن سے قریب ہے۔ حقیقت کا تڑکا بہرحال موجود ہے۔

لیکن فکشن حاوی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم اس ڈرامے کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے اس حقیقت سے کیوں آنکھیں چرا رہے ہیں کہ ترک ثقافت جتنی بھی اہم ہو اس سے کیا ہم پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو تباہ تو نہیں کر رہے؟ وزیر اعظم پاکستان نے سرکاری طور پر جب اس ڈرامے کو دکھائے جانے کا اعلان کر ڈالا تو کیا پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی تاریخی اہمیت کا کردار نہیں جس کی تشہیر کی جا سکے؟ آخری چٹان ڈرامہ کیا پاکستان میں نہیں بنا؟ فلم زرقا کیا پاکستان میں نہیں بنی؟ ٹیپو سلطان کو پکچرائز نہیں کیا گیا؟ دور نا جائیے اگر 1857ء کو ہی معیار بنا لیں تو اس کے بعد کے اتنے ہیروز موجود ہیں کہ ڈرامہ بنانا شروع کریں تو سالوں کردار ختم نہیں ہوں گے۔

آپ کیوں محمد علی جناح پہ ایسا ڈرامہ نہیں بناتے کہ پوری دنیا کو سحر میں جکڑے۔ جو کوششیں ہوئی بھی وہ بھی ناقص پروڈکشن کا شکار ہوئیں۔ 
پہلے سے زوال پذیر ڈرامہ انڈسٹری کو اپنے ہاتھوں سے کیوں مار رہے ہیں۔ شان شاہد نے جو بھی کہا وہ بھی اپنی ڈرامہ و انڈسٹری و فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے ہی کہا ہے۔ اس پہ لٹھ لے کے ان کے پیچھے لگ پڑنے کے بجائے حقیقت کا سامنا کرتے ہوئے امپورٹ شدہ ڈرامے عوام پہ مسلط کرنے کے بجائے اپنی ڈرامہ انڈسٹری کو سہولیات دیجیے۔یہ"زُبانِ اہلِ زمیں"ہے۔قارئین اپنی تجاویز اور آراء کے لئے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :