اسرائیلی فوج کی تازہ جارحانہ کارروائیوں میں 3 فلسطینی شہید،30زخمی

ہفتہ 18 نومبر 2006 12:59

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18نومبر۔2006ء) اسرائیلی فوج کی تازہ جارحانہ کارروائیوں میں 3 فلسطینی شہید اور 30 زخمی ہو گئے۔ فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات مغربی کنارے کے قصبے قلقیلیہ میں حماس کے مطلوب کارکن کی گرفتاری کے لئے ایک گھر کا گھیراؤ کر لیا اس دوران 200 سے زائد افراد نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا۔

جواب میں اسرائیلی فوج نے ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مطلوب کارکن کی گرفتاری کیلئے بلڈوزر کی مدد سے گھر کے اطراف دکانوں کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق آپریشن تاحال جاری ہے تاہم اس دوران فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی اپاچی ہیلی کاپٹر نے ہفتے کی علی الصبح غزہ میں القسام بریگیڈ کے مقامی رہنما العقیلان کے گھر پر دو میزائل فائر کئے۔ حملے کے چند منٹ بعد غزہ کے قریب زیتون میں بھی ایک گھر کو اسرائیلی فضائیہ نے نشانہ بنایا۔ تاہم ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

متعلقہ عنوان :