مقبوضہ کشمیر،ظالمانہ کاروائیوں میں ایک خاتون اور طالب علم سمیت 5کشمیری شہید،7رہائشی مکانات تباہ ،مجاہدین کے حملوں میں 3بھارتی فوجی ہلاک،بانڈی پورہ،سوپور،ٹنگمرگ،پلوامہ،کولگام،لولاب اور ہندواڑہ میں کریک ڈاؤن کے دوران 13 افراد کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے

پیر 8 جنوری 2007 13:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2007ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور ان کے مسلح ایجنٹوں نے ظالمانہ کاروائیوں میں ایک خاتون اور طالب علم سمیت 5کشمیریوں کو شہیداور7رہائشی مکانات کو تباہ کر دیا-مجاہدین کے حملوں میں 3بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے-بانڈی پورہ،سوپور،ٹنگمرگ،پلوامہ،کولگام،لولاب اور ہندواڑہ میں کریک ڈاؤن کے دوران 13 افراد کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے کئے گئے-شانگس علاقے میں 3مساجد کی بے حرمتی اور انہیں شہید کرنے کے خلاف مکمل ہڑتال جاری ہے-بھارتی فورسز نے کیرن کے بعد بارہمولہ کے جنگلات اور گریز کی بستی کو آگ لگا دی-ضلع بٹگام کے ڈھلوان چرار شریف علاقے میں کریک ڈاؤن کے دوران مجاہدین نے بھارتی فوجیوں پر اس وقت حملہ کر دیا جب بھارتی فوجیوں نے مجاہدین کو سرینڈر کرنے کے لیے کہا اس حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی اور دعوی کیا کہ دو فوجی ہلاک ہو گئے جھڑپ کے دوران دو مجاہد شبیر احمد راتھر ولد عبدالعزیز ساکنہ فصی پورہ پلوامہ اور فیاض احمد شیخ عرف مزمل جہادی ولد غلام محمد ساکنہ ذہنی پورہ شوپیاں شہید ہو گئے-فیاض احمد جیش محمد کا تحصیل کمانڈر تھا بھارتی فوجیوں نے مارٹر شیلنگ سے دو مکان تباہ کر دیئے-بھارتی ایجنٹوں نے ضلع بارہمولہ کے اندرگام پٹن علاقے میں نویں جماعت کے سولہ سالہ طالب علم سجاد احمد میر ولد عبدالغنی کو اس کے گھر میں گھس کر گولیاں مار کر شہید کر دیا بھارتی ایجنٹوں نے سوپور کے خوشحالی مٹو بٹپورہ علاقے میں ایک نوجوان فیصل امین بٹ ولد محمد امین کو اغواء کرنے کے بعد گولیاں مار شہید کر دیا اس کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے-دریں اثناء شوپیاں بم دھماکے میں زخمی ہونے والا ٹیریٹوریل آرمی کا حوالدار محمد اسحاق زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال میں چل بسا-ضلع بارہمولہ کے ملنگام بانڈی پورہ علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک خاتون کو ہلاک کر دیا-ہندواڑہ کے لچھ علاقے میں ایک نوجوان بلال احمد نجار کو بھارتی فورسز نے حراست میں لے لیا-بانڈی پورہ میں اس وقت لوگوں نے ہڑتال کی اور شدید مظاہرے کئے جب بھارتی فورسز نے لون محلہ کے ایک دوکاندار عبدالحمید ولد مقبول ساکنہ گنپورہ کو اس کے گھر سے رات کے وقت گرفتار کر لیا-اطلاعات کے مطابق مذکورہ دوکاندار نے چند روز قبل علاقے میں بھارتی فورسز کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا-دریں اثناء بھارتی فورسز نے بارہمولہ کے آزاد پورہ اور افشان پورہ سے ملحقہ جنگلات میں آپریشن کے دوران آگ لگا دی جس میں ایک بڑے علاقے پر پھیلے ہوئے جنگلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے-بھارتی ایجنٹوں نے ضلع بارہمولہ کے تلیل گریز قصبے میں 4رہائشی مکانوں کو نذر آتش کر دیا- آگ لگنے کے باعث 26مویشی بھی زندہ جل گئے-یاد رہے کہ چند روز قبل کیرن قصبے کے منڈیاں علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے پورے بازار کو نذر آتش کر دیا تھا جس میں کئی گھر،سرکاری دفاتر اور50دوکانیں جل کر راکھ ہو گئیں تھیں-دریں اثناء جنوبی کشمیر کے شانگس علاقے میں 3مساجد کی بے حرمتی اور انہیں آگ لگا کر شہید کرنے کے پے درپے واقعات کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے-لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ان واقعات میں بھارتی فوج کے ساتھ کام کرنے والے سرینڈر جنگجو اخوانی ملوث ہیں-بٹپورہ سوپور میں بھارتی فورسز نے ایک چھاپے کے دوران دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا جس کے خلاف علاقے میں مظاہرے ہوئے-کنزر ٹنگمرگ میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے کریک ڈاؤن کیا اور عبدالصمد بٹ کے علاوہ ریاض احمد لون کو حراست میں لے لیا-جس پر لوگوں نے ہڑتال کی اور فورسز کے خلاف مظاہرے کئے-پلوامہ کے ڈانگرپورہ علاقے میں بھارتی فورسز نے شوکت احمد ڈار کو جبکہ ضلع اننت ناگ اور کیموکولگام کے علاقے میں کریک ڈاؤن کیا اور تین افراد کو گرفتار کر لیا-وادی لولاب کے پتوشاہی علاقے میں بھارتی فوجیوں نے کریک ڈاؤن کیا-